ایشین پارلیمنٹ اسمبلی کا سیکرٹریٹ اسلام آباد میں قائم کیا جائیگا ،اسلام آباد اعلامئے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا،نیئر حسین بخاری ، چیئرمین سینیٹ کا وزارت داخلہ کی طرف سے ایوان کو مکمل جواب فراہم نہ کرنے پر اظہار برہمی ،اگر وزارتوں کا یہی رویہ جاری رہا تو آئندہ معاملے کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا جائیگا، نیئر حسین بخاری،قائمہ کمیٹیاں ازخود نوٹس کا اختیار رکھتی ہیں، عوامی اہمیت کے مسائل کو اٹھائیں ،چیئرمین سینیٹ کے ریمارکس

جمعرات 12 دسمبر 2013 17:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12دسمبر 2013ء) چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ ایشین پارلیمنٹ اسمبلی کے سیکرٹریٹ اسلام آباد میں قائم کیا جائیگا اور اسلام آباد اعلامئے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا ۔ چیئرمین سینیٹ نے وزارت داخلہ کی طرف سے ایوان کو مکمل جواب فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ اگر یہی رویہ جاری رہا تو آئندہ معاملے کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا جائیگا۔

قائمہ کمیٹیاں ازخود نوٹس کا اختیار رکھتی ہیں۔ عوامی اہمیت کے مسائل کو اٹھائیں ۔ جمعرات کو سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر چودھری جعفر اقبال اور عبدالنبی بنگش نے ایشین پارلیمنٹ اسمبلی کے اجلاس منعقد کرنے پر چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آئندہ دو سال کیلئے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ، انہوں نے کہ کہا کہ اس اجلاس سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لوگ پاکستان آنے سے کتراتے تھے لیکن اس اجلاس سے عالمی برادری کو ایک اچھا پیغام گیا ہے اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ اے پی اے کا سیکرٹریٹ اسلام آباد میں بنایا جائیگا اور اسلام آباد اعلامئے پر عملدرآمد کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل انہوں نے وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ کی طرف سے سوالات کے جوابات مکمل فراہم نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا انہوں نے وزیر مملکت سے کہا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں ، وزارت کے حکام ایوان کو مکمل اور درست جواب فراہم نہیں کرتے اگر یہی رویہ جاری رہا تو آئندہ اس معاملے کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا جائیگا۔سینیٹر سعید الحسن مندوخیل نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ شاہین ایئر لائن والے ایک میت کو لے جانے کیلئے طرح طرح کے مطالبات کرتے ہیں، پہلے انہوں نے ہسپتال سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کہا اور پھر کہا گیا کہ متعلقہ تھانے سے بھی ایک سرٹیفکیٹ لایا جائے بطور سینیٹر تو ہم نے یہ کام کرلیا لیکن ایک عام آدمی کیلئے انتہائی مشکلات ہونگی اس معاملے کا نوٹس لیا جائے جس پر چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے کہا کہ اس معاملے کو قائمہ کمیٹی میں اٹھایا جائے اور متعلقہ حکام کو سمن جاری کر کے وہاں بلا کر ان سے جواب طلبی کی جائے، انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے پاس بھی ازخود نوٹس کا اختیار ہے ، قائمہ کمیٹیوں کو چاہئے کہ وہ عوام کے مسائل کو اٹھائیں۔