بلدیاتی افسران صحت و صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں،اعجاز احمد مہاروی ،غفلت و کوتاہی کے مرتکب افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی، ڈینگی کے مکمل خاتمہ تک حکومتی مہم جاری رہے گی،بہاولنگر کے ڈسٹرکٹ ہسپتال اور چار تحصیل ہسپتالوں میں 20 اور چھ چھ بیڈ کے کمرے ڈینگی بخار سے متاثرہ مریضوں کے خدشہ کے پیش نظر مختص کرنا قابل تحسین اقدام ہے،ممبر لوکل گورنمنٹ کمیشن پنجاب کا تقریب سے خطاب

اتوار 15 دسمبر 2013 14:40

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر۔2013ء) ممبر لوکل گورنمنٹ کمیشن پنجاب اعجاز احمد مہاروی نے کہا ہے کہ بلدیاتی افسران صحت و صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور اس سلسلہ میں غفلت کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ڈینگی کے مکمل خاتمہ تک حکومتی مہم جاری رہے گی ۔ ضلع بہاولنگر کے ڈسٹرکٹ ہسپتال اور چار تحصیل ہسپتالوں میں 20، اور چھ چھ بیڈ کے کمرے ڈینگی بخار سے متاثرہ مریضوں کے خدشہ کے پیش نظر مختص کرنا قابل تحسین اقدام ہے ۔

انہوں نے جناح ہال بلدیہ مین ڈینگی مکاؤ مہم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے عوام کی فلاح و بہبود کے اور صحت کے تحفظ کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں چنانچہ پنجاب کے 36اضلاع اور 147ٹی ایم ایز و ٹاؤنز کے افسران کو بھی چاہئے کہ اپنے دفتروں سے نکل کر صفائی کے انتظامات کی نگرانی کریں اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے چشتیاں عارف عمر عزیز ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چشتیاں ڈاکٹر حافظ محمد طارق ٹی ایم او چشتیاں امتیاز احمد جوئیہ ، تحصیل آفیسر ریگولیشن چوہدری محمد ارشدسندھو ، صدر انجمن تاجران چشتیاں حاجی حمید احمد صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہر کے مین ہولز کے ڈھکن لگانے ،سیوریج اور صفائی کے انتظامات کو درست کرنے اور نجی و سرکاری سکولوں کالجز و دیگر اداروں میں سپرے کرانے کے سخت اقدامات کئے ہیں اور ابھی تک ڈینگی لاروا دیکھنے کو نہیں ملا ۔ قبل ازیں بیداری شعور اور آگاہی کیلئے ڈینگی کے خلاف واک ہوئی جو بلدیہ چوک ، کچہری روڈ ، ہائی وے روڈ اور بلدیہ روڈ سے ہوتی ہوئی دفتر بلدیہ ختم ہوئی جس کی قیادت متذکرہ شخصیات نے کی ۔