معیشت کی بحالی کا عمل شروع ہوچکا ہے اب عوام کو خوشخبریاں ملیں گی،سینیٹرمشاہد اللہ خان، کراچی میں جرائم کی شرح میں واضح کمی سے ملک بھر کے کاروباری طبقے کو نیا حوصلہ ملا ہے ، حکومت بہت جلدصنعتی شعبے کے احیا اور ترقی کے لئے متوازن پالیسی کا اعلان کرے گی ،حکومت نے 25ہزار میگا واٹ بجلی کو آئندہ 5سال میں نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کے لئے اقدامات کر لئے ہیں ،پہلے 6ماہ کے دوران کرپشن میں 12انڈیکس کی واضح کمی اور کسی بھی سکینڈل کا سامنے نہ آنے ہماری گڈ گورننس کی ترجیح پر مہرِ تصدیق ثبت کرتا ہے،پارٹی کارکنوں اورصحافیوں سے گفتگو

اتوار 15 دسمبر 2013 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر۔2013ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی کا عمل شروع ہوچکا ہے اب عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام ، بیرونی قرضوں کی ادائیگی ، روپے کی قیمت میں استحکام ، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی اور توانائی بحران اور بند صنعتوں کو چلانا ملک کی معیشت مستحکم کرنے کے لئے بڑے چیلنجز ہیں ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارٹی سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنوں اور صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کراچی ، قبائلی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا کے شورش زدہ علاقوں سمیت ملک بھر میں امن و امان کے مستقل قیام کے لئے متعلقہ صوبائی حکومتوں کے تعاون کے ذریعے کوشاں اور پر عزم ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی میں جرائم کی شرح میں واضح کمی سے ملک بھر کے کاروباری طبقے کو نیا حوصلہ ملا ہے جس سے اندرونِ ملک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت بہت جلدصنعتی شعبے کے احیا اور ترقی کے لئے متوازن پالیسی کا اعلان کرے گی جس سے گھریلو صنعتکار بھی بھرپور استفادہ کرپائیں گے اور بیرون ملک پاکستان کی مصنوعات کو ایکسپورٹ کرنے میں مدد ملے گی۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی سے روپے کو استحکام حاصل ہوگا اور افراط زر اور مہنگائی میں واضح کمی آئے گی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کو روکنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے ۔ آلو اور ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے کا الزام وفاق پر نہیں ڈالا جا سکتا۔ آج پنجاب اور بلوچستان میں انڈے ، ٹماٹر ، آلو پیاز اور دیگر گھریلو اشیا ء کی وافر مقدار اور مناسب ترین نرخوں پر دستیاب ہیں جس کی بنیادی وجہ دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے بنیادی استعمال کی اشیاء مانگ کے مطابق تسلسل کے ساتھ فراہمی کو سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کے لئے بروقت اقدامات کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 25ہزار میگا واٹ بجلی کو آئندہ 5سال میں نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کے لئے اقدامات کر لئے ہیں ۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ پہلے 6ماہ کے دوران کرپشن میں 12انڈیکس کی واضح کمی اور کسی بھی سکینڈل کا سامنے نہ آنے ہماری گڈ گورننس کی ترجیح پر مہرِ تصدیق ثبت کرتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :