الزرونی فاؤنڈیشن متحدہ عرب امارات کے چیئرمین کی گورنر اور وزیراعلی خیبرپختونخواسے ملاقات،صوبے اور فاٹا میں تعلیم و صحت سمیت متعد شعبوں کے تحت رفاعی منصوبے شروع کرنے کی پیشکش

اتوار 15 دسمبر 2013 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر۔2013ء) الزرونی فاؤنڈیشن متحدہ عرب امارات کے چیئرمین سہیل احمد الزرونی نے خیبر پختونخوامیں فلاحی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای حکومت خیبر پختونخوا میں بہت جلد ٰ تعلیم اور صحت سمیت دیگر رفاعی اداروں کے قیام میں فراخدلانہ تعاون کریگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ساتھ الگ الگ ملاقات میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے والد کے نام سے موسوم یہ فاؤنڈیشن حیات آباد پشاور میں الزرغونی مسجدکے علاوہ کراچی میں ایک جدیدطرزکے ہسپتال کی تعمیر،ایمبولینس سروس کے اجراء جن میں سے ہر ایک ذات خود ایک چھوٹے ہسپتال کی حیثیت کی حامل ہیں جن میں تجربہ کار طبی عملہ تعینات ہیں کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

الزرونی نے کہا کہ جنہوں نے یو اے ای میں وسیع پیمانے پر نوادرات کے حامل ایک پرائیویٹ میوزیم بھی قائم کرکے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی کتاب میں اپنا نام درج کرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم خیبر پختونخوا کے بندوبستی اور فاٹامیں اہم تاریخی مقامات کی حفاظت ، یونیوسٹیوں اور میڈیکل کالجوں کے قیام کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی سکیموں، مساجدبنانے اور دیگر فلاحی سکیموں کے قیام کیلئے کوشاں ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے گورنر اور وزیراعلیٰ کی حمایت طلب کی۔انہوں نے خیبر پختونخوا اور فاٹا کے لوگوں کی ذہانت اور صلاحیت کو بھی سراہا جو کہ دنیا میں کسی سے کم نہیں ہیں۔

گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ یقینا عوام کے مفاد کے حامل منصوبوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔افغانستان جنگ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ افغان جنگ کی وجہ سے فاٹا اور بندوبستی علاقوں میں لوگ غربت اور پسماندگی کے شکار ہوئے۔گورنر اور وزیراعلیٰ نے رفاعی سکیموں کیلئے مفت اراضی کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔

گورنر نے کہا کہ باجوڑ، سوات اور شمالی وزیرستان میں مساجد کی تعمیر اور ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے دہشت گردی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نوشہرہ کے قریب موٹر وے پر ایک میگا سٹی کے قیام کیلئے بھی کوشاں ہیں جو مردان،نوشہرہ اور صوابی اضلاع سے منسلک ہوگی اور اگر فاؤنڈیشن کی جانب سے یہاں پر یونیورسٹی کے قیام کی پیشکش کی گئی تو ا س مقصد کیلئے مفت اراضی فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت عوام کو فنی تربیت کی سہولیات فراہم کرنے کا خیر مقدم کرے گی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ فاؤنڈیشن کی تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے جلد ہی اعلیٰ سطح اجلاس منعقد کیا جائیگا۔