کراچی: پولیو ورکر پر حملہ کرنیوالا دہشتگرد مقابلے میں ہلاک، دوسرا گرفتار

منگل 17 دسمبر 2013 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر۔2013ء) کراچی کے علاقے گلشن حدید اور اسٹیل ٹاون سے پولیس نے کالعدم تحریک طالبان کے پانچ کارندے گرفتار کر لئے۔ احسن آباد میں پولیو ورکر پر حملہ کرنے والا تحریک طالبان کا ایک کارندہ مقابلے میں مارا گیا، دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا۔ گلشن حدید کے قریب جنجال گوٹھ میں پولیس نے ایک مکان پر چھاپہ مار کر کالعدم تحریک طالبان کے پانچ کارندوں کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزموں میں نقیب زادہ، ذاکراللہ، خونہ زر اور حمید اللہ شامل ہیں ، اسٹیل ٹاون کے علاقے میں پولیس مقابلے کے بعد اسلام ولی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ۔ ایس ایس پی ملیر عمران شوکت کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ دوسری جانب سپر ہائی وے پر کالعدم تحریک طالبان کے کارندوں نے انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر حملہ کیا۔

واقعے کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ حمزہ نامی شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم حمزہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چہلم امام حسین پر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

متعلقہ عنوان :