خیبر سے کراچی تک تمام پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، وطن میں امن ، ترقی اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں ، صدر ممنون حسین ،قبائلی علاقہ جات کی ترقی سے پورے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے ،حکومت فاٹا کی ترقی اور خوشحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے ،کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے امن و امان لازمی جزو ہے،امن کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ،چند ناعاقبت اندیش عناصر نے ملک دشمن قوتوں کے ایماء پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کو ہوا دی،امید ہے قبائلی وطن عزیز سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کر دار ادا کرتے رہیں گے ،حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پُر عزم ہے ،صدر ممنون حسین کا قبائلی جرگے سے خطاب

بدھ 18 دسمبر 2013 19:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر۔2013ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ خیبر سے کراچی تک تمام پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، وطن میں امن ، ترقی اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں ،قبائلی علاقہ جات کی ترقی سے پورے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے ،موجودہ جمہوری حکومت فاٹا کی ترقی اور خوشحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے ، تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ،کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے امن و امان لازمی جزو ہے ،امن کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ،چند ناعاقبت اندیش عناصر نے ملک دشمن قوتوں کے ایماء پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کو ہوا دی ،امید ہے قبائلی وطن عزیز سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کر دار ادا کرتے رہیں گے ،حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پُر عزم ہے ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو قبائلی جرگے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہاکہ میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین کو ایوانِ صدر میں خوش آمدید کہتا ہوں اور آپ کا مشکور ہوں کہ آپ اس جرگے میں شرکت کے لئے تشریف لائے ۔ میری شدید خواہش تھی کہ آپ سے ملاقات کروں اور پاکستان کے ساتھ اہلیانِ فاٹا کی محبت ، وفا داری اور خدمات پر خراجِ تحسین پیش کروں ۔ قبائلی عوام کی تاریخ جرات ، شجاعت ، مہمان نوازی اور اُصول پسندی کی داستانوں سے عبارت ہے ۔

آپ عظیم روایات کے امین ہیں ۔ آپ پاکستان کی سرحدوں کے محافظ اور جاں نثار سپاہی ہیں اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان کی پہلی دفاعی دیوار کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ قبائلی عوام نے ہمیشہ وطن کی آواز پر لبیک کہا اور آزمائش کی ہر گھڑی میں وطن عزیز سے اپنی بے لوث محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ۔ پاکستان سے عقیدت اور محبت اور ملک کے دفاع پر جان نچھاور کرنا ہمیشہ سے قبائلی عوام کا طرہٴ امتیاز رہا ہے ۔

صدر منون حسین نے کہاکہ خیبر سے کراچی تک تمام پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور سب اپنے وطن میں امن و امان ، ترقی اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں ۔ بدقسمتی سے گزشتہ چند سالوں سے ہمارا ملک دہشت گردی ، انتہا پسندی اور دیگر مشکلات کا شکار ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے قبائلی عوام کو بھاری نقصان اُٹھانا پڑا ہے جس کا ہمیں نہ صرف احساس ہے بلکہ بے حد افسوس بھی ہے ۔

ہمیں قبائلی عوام کے مسائل کا پورا اِدراک ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ قبائلی علاقہ جات کی ترقی سے پورے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے جب یہاں پر خوشحالی اور امن امان ہوگا تو پورے ملک میں استحکام اور ترقی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات قابل اطمینان ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت فاٹا کی ترقی اور خوشحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے اور اس مقصد کے لئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لا رہی ہے تاکہ قبائلی عوام بھی ملک کے دیگر علاقوں کے لوگوں کی طرح زندگی کی سہولتوں سے مستفید ہوں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔

انہوں نے کہاکہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ فاٹا کی ترقی کے لیے حکومت نے اس سال ترقیاتی پروگرام میں ایک خطیر رقم مختص کی ہے جس سے حکومت کے فاٹا کی ترقی کے عزم کا بخوبی اظہار ہوتا ہے ۔ حکومت اس رقم کو ایسے منصوبوں پر خرچ کرے گی جن سے فاٹا کے لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں اور اُن کی آمدن میں اضافہ ہو ، تاکہ اُن کا معیارِ زندگی بلند ہوسکے ۔

مزید برآں اس ترقیاتی پروگرام کے تحت قبائلی علاقہ جات میں نہ صرف مواصلات کی سہولتوں کو بہتر کیا جائے گا بلکہ تعلیم ، صحت ، صاف پانی کی فراہمی ، شمسی توانائی سے بجلی کا حصول ، زراعت ، جنگلات ، آب پاشی اور فنی تعلیم و تربیت کے منصوبوں کو بھی عملی جامہ پہنایا جائیگا جس سے فاٹا میں معاشی اور معاشرتی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا ۔ صدر ممون حسین نے کہاکہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے امن و امان لازمی جزو ہے امن کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ۔

فتنہ و فساد نہ صرف معاشی ترقی کی راہ میں ایک سنگین رکاوٹ ہوتا ہے بلکہ اس سے معاشرے کا امن و سکون بھی بہت بُری طرح متاثر ہوتا ہے ۔ نتیجتاً ملک معاشی اور معاشرتی تنزّل کے گرداب میں دھنستا چلا جاتا ہے اور ترقی کا تصور محض ایک خواب بن کر رہ جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں پچھلے کچھ عرصے سے ایسے منفی رجحانات دیکھنے میں آئے جن کی وجہ سے ملک میں ایک انتشار کی کیفیت پیدا ہوگئی ۔

چند ناعاقبت اندیش عناصر نے ملک دشمن قوتوں کے ایماء پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کو ہوا دی جن سے عوام اور قبائلی علاقہ جات خاص طور پر متاثر ہوئے ہیں تاہم قبائلی عوام نے جس تحمل اور برداشت سے ان مشکلات کا سامنا کیا ہے اور وہ جس جرات اور بہادری سے ان عناصر کی سرکوبی میں مصروفِ عمل ہیں وہ نہایت لائقِ تحسین اور حوصلہ افزا بات ہے ۔ مجھے اُمید ہے کہ قبائلی عوام انتہا پسندی اور دہشت گردی کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے میں یونہی پیش پیش رہیں گے اور وطن عزیز سے اس بُرائی کا خاتمہ کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف یہ ہماری مشترکہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک سے اس بُرائی کا مکمل صفایا نہیں ہوجاتا ۔ میں اس موقع پر پوری قوم سے پُر زور اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس جنگ کے خلاف بھرپور قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں اور اس مسئلے کے حل کے لئے حکومتی کوششوں کا بھرپور ساتھ دیں ۔انہوں نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ پوری قوم اس مسئلے پر متفق ہے اور اس برائی کا ہر قیمت پر قلع قمع چاہتی ہے۔

دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ناسور کی وجہ سے نہ صرف ہماری معاشی اور معاشرتی ترقی متاثر ہوئی ہے بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا ہے اور سب سے بڑھ کر اسلام جیسا امن اور سلامتی کا مذہب بدنام ہوا ہے جو ہمارے لئے نہایت تشویش کی بات ہے لہٰذا ہمیں اپنے ملک اور اسلام کی خاطر دہشت گرد قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہوگا اور دنیا میں پاکستان کے امن پسند تشخص کو اُجاگر کرنا ہوگا تاکہ لوگوں پر اسلام اور پاکستان کا اصل چہرہ واضح ہو ۔

صدر ممنون حسین نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ قبائلی عوام پاکستان کے وفادار شہری ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں اسی خاطر وہ اپنی تمام توانائیاں پاکستان کے بہترین مفاد میں استعمال کریں گے اور وطن عزیز میں امن ، سلامتی اور استحکام کے قیام میں بھرپور تعاون کا مظاہرہ کریں گے ۔ پاکستان ہم سب کا وطن ہے اور اس کی حفاظت اور سلامتی ہماری مشترکہ قومی اور ملی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اگرچہ یہ بات نہایت قابلِ اطمینان ہے کہ آپ کی حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پُر عزم ہے اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ۔ مگر افسوس کی بات ہے کہ چند ناعاقبت اندیش عناصر اس مہم میں نہ صرف رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں بلکہ پولیو ورکرز کو بھی اپنے مذموم مقاصد کے لئے نشانہ بناتے ہیں ۔ ایسے عناصر ہمارے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگانے پر تلے ہوئے ہیں ۔

مگر ہم سب نے مل کر ایسے عناصر کی نہ صرف حوصلہ شکنی کرنی ہے بلکہ معاشرے میں پولیو کے بارے میں آگاہی اور اس خطرناک بیماری کے نتائج کے بارے میں عوام میں شعور اُجاگر کرنا ہے ۔ اس موقع پر میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے تمام لوگوں ، عمائدین ، مذہبی رہنماؤں اور دیگر احباب سے اپیل کرتا ہوں کہ پولیو کے خلاف کی جانے والی تمام کوششوں میں نہ صرف حکومت کا ساتھ دیں بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ پولیو ٹیمز کو تمام بچوں تک رسائی ملے اور کوئی بچہ پولیو کی ویکسین سے محروم نہ رہے ۔

اس موقع پر میں آپ سے یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ پولیو کے خلاف آپ کے علاقوں میں کی جانے والی حکومتی کوششوں کا انفرادی اور اجتماعی طور پر بھرپور ساتھ دیں تاکہ ہمارے بچوں کے مستقبل اور صحت کو اس خطرناک مرض سے محفوظ بنایا جا سکے ۔ صدر نے کہاکہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم سب مل کر پاکستان کو امن ، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے اور وطن عزیز کو دنیا میں اپنا جائز مقام دلائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ میں آخر میں ایک بار پھر آپ سب حضرات کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور حکومت کی طرف سے آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ موجودہ حکومت آپ کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدام کرتی رہے گی ۔ اُمید ہے آپ سے اس طرح کی خوشگوار ملاقاتیں آئندہ بھی ہوتی رہیں گی ۔