ملک کو درپیش مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ طبقاتی نظام تعلیم ہے ، سردار محمد یوسف ،ملک دشمن طاقتیں جہالت اور اندرونی اختلافات سے فائدہ اٹھاتی ہیں ، حکومت میرٹ کی پاسداری، یکساں نظام تعلیم ،شہریوں کو برابرکے حقوق اور تعلیمی ترقی کے لیے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے ،وفاقی وزیرکاسیمینار سے خطاب

بدھ 18 دسمبر 2013 20:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر۔2013ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہاہے کہ پاکستان کو درپیش بہت سے مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ طبقاتی نظام تعلیم ہے ،ملک دشمن طاقتیں پاکستان میں پائی جانے والی جہالت اور اندرونی اختلافات سے فائدہ اٹھاتی ہیں ،موجودہ حکومت پاکستان میں میرٹ کی پاسداری، یکساں نظام تعلیم ،شہریوں کو برابرکے حقوق اور تعلیمی ترقی کے لیے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ الف اعلان نامی غیر سرکاری تنظیم کے تحت منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا عنوان ”تعلیم کا بنیادی حق ،قانون سازی اور نفاذ :قومی و مذہبی فریضہ “تھا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرنے کہاکہ تعلیم قومی ذمہ داری ہے اس سے عہدہ براہ ہونے کے لیے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے ، ملک کو اس وقت متعدد مسائل کاسامنا ہے تاہم تعلیمی پسماندگی اور طبقاتی نظام تعلیم ملک کا سب سے بڑامسئلہ ہے۔

آئن کی دفعہ 25-Aکے تحت حکومتیں کوشش تو کررہی ہیں لیکن ابھی تک اس میں کامیابی نہیں مل سکی ہے۔اٹھارھویں ترمیم میں تعلیم کاچیپٹرصوبوں کو دیے جانے کے خلاف ہوں کیونکہ اس سے ایک قومیت کا تصورمجروح ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ یکساں نظام تعلیم نہ ہونے سے پسماندہ علاقوں کے لوگ زیادہ متاثر ہوتے ہیں تعلیمی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ طبقاتی نظام تعلیم ہے بدقسمتی سے دوردراز علاقوں میں صرف سرکاری تعلیمی ادارے ہوتے ہیں لیکن ان کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مذہب اسلام کے خلاف جاری پروپیگنڈہ کاتوڑ کرنے کی ضرورت ہے ملک دشمن طاقتیں ہمارے اندرونی اختلافات سے فائدہ اٹھا کرملک میں انتشار پیدا کررہی ہیں ۔حکومت پاکستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی ،شہریوں کو تعلیم تک یکساں مواقع ،برابر کے حقوق، تعلیمی ترقی کے لیے سنجیدہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :