عمران کادورہ نوشہرہ،بچوں کوپولیو مہم کاافتتاح،مولانا سمیع الحق کے گھر جاکر اُن کے محلے کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے

بدھ 18 دسمبر 2013 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر۔2013ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اکوڑہ خٹک کے رورل ہیلتھ سنٹر میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے اوروہاں تقریب سے خطاب کے بعد دارالعلوم حقانیہ سے ملحقہ مولانا سمیع الحق کے گھر جاکر اُن کے محلے کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جبکہ اس موقع پر جے یو آئی(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بھی اس کار خیر میں حصہ لیاپی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین ، صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان خان ، وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی ،وزیر اعلیٰ کے مشیر معدنی ترقی ضیاء الله آفریدی، مشیر برائے ہاؤسنگ امجد آفریدی ، مشیر ایکسائز و ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کا کا خیل ،پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات میاں خلیق الرحمن ، ڈیڈک پشاور کے چیئرمین اشتیاق ارمڑ، سابق رکن قومی اسمبلی مولانا حامد الحق اور دونوں پارٹیوں کے دیگر زعماء بھی اس موقع پر موجود تھے مولانا سمیع الحق نے پولیو مہم کی بھر پور تائید کرتے ہوئے اس مہم کی قیادت کیلئے آگے بڑھنے پر عمران خان کے جرات مندانہ کردار کو سراہا اور اس کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ علماء قومی وعوامی صحت کے اس اہم جز کے ہر گز مخالف نہیں تاہم اس بارے میں غلط اور گمراہ کن افواہیں پھیلائی گئیں اور بعض عناصر نے اس مہم کی آڑ لیتے ہوئے اس کا ناجائز فائدہ اُٹھانے کی کوشش کی مگر اب صورتحال بالکل واضح ہو گئی ہے عمران خان نے کہا کہ اگر ہم نے پولیوکا بروقت خاتمہ نہ کیا تو نہ صرف ہمارے بچے معذوری کا شکار ہوں گے اور ہماری آئندہ نسل اس کے منفی اثرات سے دوچار ہو گی بلکہ پولیو کے جراثیم کی موجودگی کی وجہ سے بیرون ملک ہماری افرادی قوت پر پابندی لگنے کا امکان ہے ۔