Live Updates

تحریک انصاف کاخیبر پختونخوا سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار ،انسداد پولیو مہم کی سرپرستی جاری رکھنے اور آئندہ نسلوں کو اس خطرناک بیماری سے محفوظ بنانے کااعلان،پولیو خطرناک بیماری ہے،اس کی بیخ کنی یقینی بنائیں گے، آئندہ نسلوں کو معذوری سے بچانے کیلئے تحریک انصاف جامع منصوبہ بندی کریگی،پولیو کے خاتمے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،عمران خان

جمعہ 20 دسمبر 2013 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20دسمبر۔2013ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کی سرپرستی جاری رکھنے اور آئندہ نسلوں کو اس خطرناک بیماری سے محفوظ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیو خطرناک بیماری ہے جس کا پاکستان میں وجود باعث تشویش ہے۔

چنانچہ اس کے مکمل انسداد کیلئے پرعزم ہیں اور خیبر پختونخوا سے اس کی بیخ کنی یقینی بنائیں گے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ نسلوں کو معذوری سے بچانے کیلئے تحریک انصاف جامع منصوبہ بندی کرے گی اور پولیو کے خاتمے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تین رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر وفد سے ملاقات کے دوران چیئرمین تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا حکومت کی معذور افراد کی فلاح و بہبود، صوبوں سے پولیو کے خاتمے، عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی اور ڈرون حملوں کے اثرات پر اظہار خیال کیا۔ پولیو کے ساتھ امریکی ڈرون حملوں کو معذوری پھیلانے کا ایک بڑا سبب قرار دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس جیسی تنظیمیں اس مسئلے پر آواز بلند کریں اور امریکی انتظامیہ کو باور کروائیں کہ جاسوس طیاروں کے حملے معصوم انسانوں کو اعضاء سے محروم کر کے معذور بنانے کا ایک برا ذریعہ ہیں چنانچہ انہیں روکا جائے۔

کرسٹوفر جے ایلیاس کی سربراہی میں چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کرنے والے وفد نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں اصلاحات کے نفاذ، انسداد پولیو مہم آگے بڑھانے کی حکمت عملی اور معذوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ وفد کے اراکین نے چیئرمین تحریک انصاف کے بہادرانہ اقدامات کا بھی اعتراف کیا۔ وفد نے صوبے سے پولیو کے خاتمے اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کو معاونت کی پیشکش بھی کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات