معاون خصوصی مہر تاج روغانی کا دورہ سنٹرل جیل پشاور ،محکمہ جیل خانہ جات کے حکام کو قیدی خواتین ، بچوں اور بچیو ں کیلئے طبی سازوسامان حوالہ کیا

پیر 23 دسمبر 2013 22:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23دسمبر۔2013ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود و خصوصی تعلیم ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے پیر کے روز سنٹرل جیل پشاور میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کو سنٹرل جیل پشاور ہسپتال کیلئے طبی الات ، ادویات ، ویل چےئرز ، کمبل اور دیگر اشیاء حوالہ کیں۔ یاد رہے کہ غیر سرکاری سماجی تنظیم پاورٹی ایریڈیکشن انیشییٹو(پی ای آئی )نے یہ اشیاء حکومت خیبر پختونخوا کو عطیہ کے طور پر فراہم کی تھیں۔

اس ضمن میں معاون خصوصی نے سنٹرل جیل پشاور کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں پر جیل ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے پی ای آئی کی جانب سے فراہم کردہ سامان کو جیل میں قید خواتین ، بچوں اور بچیوں کیلئے ہسپتال میں بہتر طبی سہولیات کے حصول کی غرض سے متعلقہ حکام کے حوالہ کیا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے جیل دورہ کے موقع پر خواتین ،بچوں اور بچیوں سے اُن کے مسائل کے بارے میں دریافت کیااور تحفظ اطفال کمیشن کے اعلیٰ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل جیل کا دورہ کیا کریں اور قیدیوں کے مسائل کو سن کر اُن کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بروقت اقدامات کیا کرے ۔

اس موقع پر معاون خصوصی نے تحفظ اطفال کمیشن کی جانب سے قیدی خواتین ، بچوں اور بچیوں کو مفت قانونی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی اور ان کو درکار سازوسامان کی دستیابی کا یقین دلایا ۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ذاکر آفریدی ، سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل پشاور اعتراز خان ، مینجر کمیونٹی ڈویلپمنٹ(پی ای آئی) مس تمکینہ منصور ، پروگرام آفیسر مصطفی مسرت ، تحفظ اطفال آفسیر مراد علی افریدی ودیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :