پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں، یوتھ فیسٹیول سے نیا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے،پاکستان میں کھیلوں کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے، جس معاشرے میں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں، حکومت صوبے میں صحتمند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے، پنجاب یوتھ فیسٹیول کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے،یوتھ فیسٹیول میں کئی عالمی ریکارڈ بنیں گے، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کم عمری میں باکسنگ میں عالمی شہرت حاصل کی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 27 دسمبر 2013 21:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر۔2013ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔پنجاب حکومت صوبے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے امسال بھی صوبے بھر میں یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جس معاشرے میں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔

کھیلوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بھی روکا جا سکتا ہے۔ پاکستانی نژاد برطانوی نوجوان باکسر عامر خان نے کم عمری میں ہی باکسنگ کے شعبے میں عالمی سطح پر شہرت حاصل کی ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم و کھیل رانا مشہود احمد خان اور باکسر عامر خان کے بعض فیملی ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے برطانوی باکسر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے باکسنگ کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ عامر خان کے خاندان کا آبائی تعلق پاکستان سے ہے اور ان کی کامیابیوں سے پاکستانی عوام کو بھی خوشی ہوتی ہے۔ پنجاب میں کھیلوں اور کھیلوں کی سہولتوں کے فروغ کیلئے موجودہ حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔

صوبائی دارالحکومت سمیت بڑے شہروں اور قصبوں میں خالی سرکاری زمینوں پر کھیلوں کے نئے میدان اور سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ سپورٹس سنٹرز اور جمنازیمز میں کھیلوں کی جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نوجوانو ں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور ان کے اندر چھپے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے۔ یوتھ فیسٹیول نوجوانوں میں چھپے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا بہت بڑا پروگرام ہے جس میں کئی عالمی ریکارڈ بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس یوتھ فیسٹیول کا میگاایونٹ پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنا اور اسے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی، یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت باکسنگ کے کھیل کے فروغ کیلئے بھی کوشاں ہے اور یوتھ فیسٹیول میں باکسنگ کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔ باکسنگ کے میدان میں پاکستانی باکسرز کو جدید تربیت کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں باکسر عامر خان کی صلاحیتوں اور تجربات سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے باکسر عامر خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مثبت کام کر رہے ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں یقینا کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی باکسرز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت دینے کی خواہش رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں اکیڈمی کے قیام کا بھی ارادہ ہے