دسمبر کے چوتھے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.22فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ، کم آمدنی والے طبقے کیلئے بھی قیمتوں کے حساس عشاریے میں 0.39 فیصد کمی ہوئی ‘بیورو شماریات

اتوار 29 دسمبر 2013 16:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر۔2013ء) دسمبر کے چوتھے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.22فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے بھی قیمتوں کے حساس عشاریے میں 0.39 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ پاکستان بیورو شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 8 ہزار روپے تک کی ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے 26 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قیمتوں کا حساس عشاریہ 0.39 فیصد کمی سے 200.78 پوائنٹس سے کم ہو کر 200.00 پو ائنٹس تک پہنچ گیا جبکہ کمبائنڈ گروپ کیلئے قیمتوں کاحساس عشاریہ 0.22 فیصدکمی سے 209.7پوائنٹس سے کم ہو کر 209.27 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

اس ہفتے کے دورا ن زندہ مرغی ،کیلا، ادرک ، گندم اوربیف سمیت 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، مونگ کی دال ، دال ماش ، مسور کی دال ، ٹماٹر،پیاز ، آلو ، چینی، گڑ، انڈے ، ایل پی جی ، اری چاول ، چائے ، آٹا ، ویجی ٹیبل گھی جبکہ اور سرخ مرچ سمیت 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کے مطابق پٹرول ،ڈیزل ،مٹی کاتیل،مٹن ، چنے کی دال، خوردنی تیل ، گیس کے نرخ ، بجلی کے نرخ ،تازہ دودھ ،دھی،دودھ پاڈر ، باسمتی چاول اور کھلا گھی سمیت 29 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزارآمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزار ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس عشاریے میں بالترتیب 0.32فیصد ، 0.28فیصد ، 0.22فیصد اور 0.15فیصدکمی ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ عنوان :