صوبے میں تعلیم وصحت کے ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں،پرویزخٹک، جامع پلان کے تحت تحصیل کی سطح پر کم از کم ایک سپورٹس سٹیڈیم قائم کرینگے، 33تحصیلوں میں پہلے سے موجود سٹیڈیم مزید بہتر بنانے کے علاوہ باقی ان 34تحصیلوں میں جہاں ایک سٹیڈیم بھی نہیں، اراضی کی خریداری کیلئے تین ارب 90کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ،وفد سے گفتگو

اتوار 29 دسمبر 2013 21:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر۔2013ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں تعلیم وصحت کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ہم ایک جامع پلان کے تحت ہر تحصیل کی سطح پر کم از کم ایک سپورٹس سٹیڈیم قائم کرینگے اور اسکی رو سے 33تحصیلوں میں پہلے سے موجود سٹیڈیم مزید بہتر بنانے کے علاوہ باقی ان 34تحصیلوں میں جہاں ایک سٹیڈیم بھی نہیں اراضی کی خریداری کیلئے تین ارب 90کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اسی طرح کھیل اور کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی خطیر فنڈز رکھے گئے ہیں تاہم اُنہوں نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے وہ صوبے کی مختلف کھیلوں کی چیدہ تنظیموں کے عہدیداروں پر مشتمل خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ کی زیرقیادت ان سے سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور پی ٹی آئی حکومت کی سپورٹس پالیسی کو سراہتے ہوئے کھیلوں کے فروغ سے متعلق بعض امور پر ان سے تبادلہ خیال کیا اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل محمود خان، وزیر اعلیٰ کے مشیربرائے ٹرانسپورٹ یاسین خلیل، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے معاشی اُمور وانچارج فروغ سرمایہ کاری سیل رفاقت الله بابر، سیکرٹری سپورٹس و ٹورزم احمد حسن و دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے جبکہ وفد میں اولمپک سیکرٹری جنرل ذوالفقار بٹ سمیت مختلف ایسوسی ایشن کے صدور و سیکرٹریز رحمت گل آفریدی، عامر صابر ایڈوکیٹ، وصال محمد خان، دین محمد، الیاس آفریدی، خالد نور، عبد القیوم شنواری ، حاجی امجد خان، ارباب نصیر، شاہ فیصل، میاں صداقت شاہ، طارق پرویز ، سید کمال شیراز اور محمد شہزاد شامل تھے وزیر اعلیٰ نے اولمپک ایسوسی ایشن کو صوبائی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اگلے مہینے پشاور میں منعقد ہونے والے خیبرپختونخوا امن گیمز کیلئے سرپرست اعلیٰ کی درخواست قبول کرتے ہوئے ان گیمز کو کامیاب اور بہتر انداز سے کرانے کے احکاما ت جاری کئے اُنہوں نے کہا کہ پہلے خیبرپختونخوا امن گیمز2014 کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اولمپک ایسوسی ایشن کے علاوہ وہ خود بھی خصوصی دعوت دیں گے اُنہوں نے کہا کہ وہ خود بھی کالج کے زمانے سے سپورٹس مین رہے ہیں اور سپورٹس مین کی قدر کرنا اچھی طرح جانتے ہیں ہم سید عاقل شاہ کی کھیلوں کیلئے چالیس سالہ خدمات اور تجربے کو ضائع نہیں ہونے دیں گے اُنہوں نے اس موقع پر احکامات جاری کئے کہ سپورٹس کی ورکنگ کمیٹی میں سید عاقل شاہ کا نام بھی شامل کریں اور آئندہ اس حوالے سے ان کی رائے بھی ضرور شامل ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :