مہنگائی سے طبقاتی جنگ کا خطرہ ہے، حکومت گول میز کانفرنس بلائے،چودھری شجاعت حسین ،تمام سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مسائل کا حل تلاش کریں، مسلم لیگ کے 107 ویں یوم تاسیس پر خطاب ،سب کو معاف کر کے ملک و قوم کی بہتری کیلئے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کیا جائے، مسائل کوئی ایک حل نہیں کر سکتا، مشاہد حسین سید ، مسلم لیگ کے دور میں بے مثال ترقی ہوئی، حلیم عادل، انتخاب خاں، مرزا حسین، فرخ خان اور دیگر کا اظہار خیال، نیلسن منڈیلا کیلئے ایک منٹ کی خاموشی

پیر 30 دسمبر 2013 23:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30دسمبر۔2013ء) مسلم لیگ (ق)کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ ہے جس پر ملک میں طبقاتی جنگ چھڑ جانے کا خطرہ ہے، انہوں نے حکومت سے مہنگائی پر گول میز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے۔

مسلم لیگ کے 107 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کو ہمیشہ قائداعظم کے نام سے یاد کیا جائے کیونکہ یہ شخصی نہیں نظریاتی جماعت ہے جس کے جھنڈے تلے تمام مسلم لیگی متحد اور متحرک ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ہمارے رول ماڈل قائداعظم محمد علی جناح، محترمہ فاطمہ جناح اور ڈاکٹر علامہ اقبال ہیں، قائداعظم کے کردار، انتھک محنت اور عوامی حمایت نے پاکستان کا حصول ممکن بنایا اور ہم سمجھتے ہیں کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا اور یہی مسلم لیگ پاکستان کو بچانے اور خوشحال بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان کو درپیش مسائل کوئی ایک شخص، پارٹی یا ادارہ حل نہیں کر سکتا بلکہ سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

معیشت، توانائی اور تعلیم پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان ایشوز پر تمام مکاتب فکر کو یکسو ہو کر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور ہم سب نے مل کو ملک کو بحرانوں سے نکال کر آگے بڑھانا ہے اور ماضی کا یرغمال نہیں بننا۔ مشاہد حسین سید نے نیلسن منڈیلا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 27 سال قید تنہائی میں گزارنے کے باوجود ملک و قوم کی خاطر سب کو معاف کر دیا اور اپنے وطن کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کیا، ہمیں بھی اصولی طور پر سب کو معاف کر کے ملک و قوم کی بہتری کیلئے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے۔

اس موقع پر نیلسن منڈیلا کی اعلیٰ خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سیکرٹری مالیات چودھری امتیاز احمد رانجھا نے کارکنوں سے اپیل کی کہ آج کے دن ہم سب عہد کریں کہ چودھری شجاعت حسین اور مشاہد حسین سید کو سب اچھا کی رپورٹ نہ دیں بلکہ اپنی غلطیوں کی نشاندہی کریں۔ شعبہ خواتین کی صدر مسز فرخ خان نے تحریک پاکستان کا جذبہ پھر سے اجاگر کرنے پر زور دیا۔

مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج ملک میں بھوک، لاقانونیت، مہنگائی اور انتہا پسندی عروج پر ہے اور عوامی ایشوز پر بات کرنے والا کوئی نہیں، ذاتی مفادات کے حصول کیلئے پارٹی چھوڑنے والوں کی حالت قابل دید ہے جبکہ جنرل سیکرٹری مسلم لیگ سندھ سرور سیال نے آگاہ کیا کہ سندھ میں پارٹی کی تنظیم سازی ایک ماہ میں مکمل ہو جائے گی۔

مسلم لیگ خیبرپختونخواہ کے صدر انتخاب خان نے کہا کہ ہم سب مسلم لیگی ایک خاندان کی مانند ہیں ہمارے صوبہ کے مخلص کارکن اعلیٰ قیادت کی رہنمائی کے منتظر ہیں۔ صدر گلگت بلتستان مرزا حسین بیگ نے کہا کہ 2014ء ان کے صوبے میں الیکشن کا سال ہے اور وہ مسلم لیگ کی کامیابی کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔ مسلم لیگ فیڈرل کیپٹل کے صدر رضوان صادق نے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی قیادت میں بنا لیکن جتنی زیادہ ترقی مسلم لیگ کے دور حکومت میں ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی۔ تقریب سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں اکرم ذکی، سید فقیر حسین بخاری، شہباز گوشی، امتیاز راجہ، اجمل وزیر خان، پیر سید چراغ الدین شاہ، بلال مصطفی شیرازی اور سردار عبد الرزاق خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :