ماحولیات پر توجہ نہ دی گئی توکرہ ارض پر انسانی زندگی ختم ہو جائیگی ۔ آفتاب بخاری

ہفتہ 31 مارچ 2007 15:09

مظفرآباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین31 مارچ 2007)زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ماحولیاتی صورتحال انتہائی خراب ہے پوری دنیا اس وقت شدید ما حولیاتی بحران کا شکار ہے اگر ماحولیات پر توجہ نہ دی گئی توکرہ ارض پر انسانی زندگی ختم ہو جائیگی ۔ان خیالات کا اظہار مشہور ماہر ماحولیات آفتاب بخاری نے گزشتہ روز یہاں پریس فارپیس میں لیکچر دیتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کر ہ ارض میں اس وقت ماحولیاتی مسائل انتہائی گھمبیر شکل اختیار کر گئے ہیں اور اگر ان پر توجہ نہ دی گئی تو آنے والے وقتوں میں انسانی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ماحولیات سے متعلقہ مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت اور غیر سرکاری تنظیموں کو اس سلسلے میں میں اپنا بھر پور کردار ادا کر نا ہو گا حکومت اس سلسلے میں کوئی قابل ذکر اقدامات نہیں اٹھا رہی این جی اوز اس معاملے پر آپس میں کو آرڈی نیشن پیدا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت جو مسلہ سب سے زیادہ متاثرین کو پریشان کر رہا ہے وہ ماحولیاتی آلودگی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس فار پیس اس سلسلے میں قابل قدر کام کر رہی ہے مگر اس میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے اس موقع پر پریس فار پیس کے کو آرڈی نیٹر امیر الدین مغل نے ان کو پریس فار پیس کے شعبہ ماحولیات کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اس موقع پر مرکزی ڈپٹی کو آرڈی نیٹر راجہ وسیم خان،اور اورنگزیب سیف اللہ بھی موجود تھے شعبہ ماحولیات کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے امیر الدین مغل نے کہا کہ ہم جولائی میں پورے آزاد کشمیر میں ماحولیات کے حوالے سے خصوصی پروگرامات کریں گے اور صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی پریس فار پیس کے بنیادی ایجنڈے میں شامل ہے ۔