عوامی فلاح اور ترقی کے منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ پرائیویٹ پارٹنر شپ کی شمولیت ضروری ہے ،وزیراعظم نواز شریف،عوام کو صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے پرائیویٹ پارٹنرشپ اہم کردار اداکر سکتی ہے ،اجلاس سے خطاب

جمعہ 17 جنوری 2014 23:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے عوامی فلاح اور ترقی کے منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ پرائیویٹ پارٹنر شپ کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے پرائیویٹ پارٹنرشپ اہم کردار اداکر سکتی ہے۔وہ جمعہ کے روز جاتی امراء رائیونڈ میں لاہور کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف،چیف سیکرٹری پنجاب نویداکرم چیمہ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عرفان الہٰی،منیجنگ ڈائریکٹر نیسپاک امجد اے خان،سپیشل سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ،کمشنر لاہور راشد محمود،ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت ممبران قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صحت بابرحیات تارڑ نے وزیراعظم کو لیڈی ولینگڈن ہسپتال کی منتقلی اور نئی عمارت کی تعمیر کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ کمشنر لاہورراشد محمود نے دریائے راوی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت اور ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے وزیراعظم کو آزادی چوک کی نئی جگہ منتقلی،فلائی اوور اور نئی سرکلر روڈ کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے ان منصوبوں پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے دریائے راوی پراجیکٹ میں بنکاک اور شنگھائی کے دریاؤں اور ان کے ماڈلز کی مثال کو سامنے رکھنے اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر تمام سہولیات کی فراہمی کو بھی مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے آزادی چوک منصوبہ کو بہترین منصوبہ قرار دیااور کہاکہ اس منصوبہ سے شاہی قلعہ،بادشاہی مسجد کی خوبصورتی نمایاں ہوگی۔

وزیراعظم نے لیڈی ولینگڈن ہسپتال کی منتقلی کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے اور ایسا ماڈل بنانے کی ہدایت کی جس سے اس منصوبہ کو مزید موئژ بنایا جا سکے۔وزیراعظم نے کہاکہ منٹوپارک منصوبہ میں ہاکی،فٹ بال،کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے جگہ مختص کی جائے۔

متعلقہ عنوان :