سرگنگا رام ہسپتال کی شاندار کارکردگی ،ایک سال میں 21کروڑ روپے کی ادویات غریب مریضوں کو فراہم کی گئیں‘ ڈاکٹر فاروق بلوچ

جمعرات 30 جنوری 2014 14:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جنوری 2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی مریض دوست پالیسی کے تحت سر گنگا رام ہسپتال نے بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے گزشتہ ایک سال کے دوران غریب مریضوں کو 21کروڑ 29لاکھ 30ہزار روپے کی ادویات مفت فراہم کیں اور اس دوران ہسپتال کے شعبہ بیرونی مریضاں میں مجموعی طور پر 6لاکھ 5ہزار،ایمرجنسی میں 4لاکھ 26ہزار 865مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا جبکہ 76ہزار 455مریضوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔

یہ بات ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے سر گنگا رام ہسپتال کی 2013ء کی کارکردگی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے بتایا کہ پیڈز ایمرجنسی میں 58ہزار سے زائد بچوں کا علاج معالجہ کیا گیا جبکہ ہسپتال میں ایک سال کے دوران 26ہزار 154بچے پید ا ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے کہا کہ سر گنگا رام ہسپتال حکومتی پالیسی کے مطابق مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور گردے کے مریضوں کو ڈائلسز کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس پر گذشتہ سال ایک کروڑ48لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ 41ہزار سے زائد مریضوں کے آپریشن کئے گئے۔ علاوہ ازیں اس دوران ایکسروں کی تعداد 89,699،الٹرا ساؤنڈ68,648،سی ٹی سکین6800،ایم آر آئی 7450،کلر ڈوپلر ٹیسٹ 1785،چھاتی کے کینسر کے مریضوں کے 1785میمو گرامی ٹیسٹ جبکہ پتھالوجیکل لیبارٹری کے ٹیسٹوں کی تعداد 3267092رہی۔ ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے مزید بتایا کہ 2013کے دوران 10ہزار 850گردے کے مریضوں کو ڈائلسز کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ54ہزار سے زائد مریضوں کی ای سی جی کی گئی اور 40ہزار سے زائد بلڈ بیگز مریضوں کو فراہم کئے گئے۔

ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ کا کہنا تھا کہ بہت سی دیگر تشخیصی و طبی سہولیات بھی مریضوں کو فراہم کی جا رہی ہیں اور سر گنگا رام ہسپتال کے ڈاکٹرز ،نرسز اور پیر ا میڈیکل سٹاف مریضوں کی دن رات خدمت پر مامور ہے ۔انہوں نے کہا کہ پبلک ڈیلنگ کی وجہ سے بعض اوقات کچھ مسائل کا سامنا بھی ہسپتال انتظامیہ کو کرنا پڑتا ہے لیکن فاطمہ جناح میڈیکل کالج اور سر گنگا رام ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فخر امام اور دیگر انتظامیہ کی طرف سے ہسپتال کے سٹاف کو یہی ہدایت ہے کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور پریشان حال مریضوں کی تلخ باتوں کو خندہ پیشانی سے برداشت کریں ۔

ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے اس عز م کا اظہا رکیا کہ 2014ء میں سر گنگا رام ہسپتال کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :