موثر بجٹ سازی کے ذریعے ایس آر او کا کلچر کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے اور بھی متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے ،سابق چیئرمین نادرا کی تنخواہوں اور مراعات کے حو الے سے معاملات کا جائزہ کیلئے قائم کر دہ کمیٹی رپورٹ مرتب کریگی ،وزارت داخلہ نے کھانے پینے اور ادویات میں ملاوٹ کے حوالے سے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، سی ڈی اے اور جڑواں شہر راولپنڈی کی انتظامیہ کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی اس سلسلے میں پوری طرح متحرک ہے ،سمگلنگ کے خاتمے کیلئے کوسٹ گارڈز کو خصوصی اختیارات دیئے گئے ہیں، چیک پوسٹوں کے نظام کو بہتر بنانے سے سمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی، فوری طور پر پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری زیر غور نہیں ہے، ری سٹرکچرنگ کے بعد پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کی جائے گی ،قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب اور رانا محمد افضل کا اظہار خیال ،امن و امان کے قیام کی ذمہ داری کلی طورپر صوبائی حکومتوں کی ہے، رینجرز سمیت کسی کیخلاف بھی شکایت ہو تو وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں سے بات کرے گی ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان

جمعرات 6 فروری 2014 23:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) قومی اسمبلی کوبتایا گیا ہے کہ موثر بجٹ سازی کے ذریعے ایس آر او کا کلچر کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے اور بھی متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے ، سابق چیئرمین نادرا کی تنخواہوں اور مراعات کے حو الے سے معاملات کا جائزہ کیلئے قائم کر دہ کمیٹی رپورٹ مرتب کریگی ،وزارت داخلہ نے کھانے پینے اور ادویات میں ملاوٹ کے حوالے سے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، سی ڈی اے اور جڑواں شہر راولپنڈی کی انتظامیہ کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی اس سلسلے میں پوری طرح متحرک ہے ،سمگلنگ کے خاتمے کیلئے کوسٹ گارڈز کو خصوصی اختیارات دیئے گئے ہیں، چیک پوسٹوں کے نظام کو بہتر بنانے سے سمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی ، فوری طور پر پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری زیر غور نہیں ہے، ری سٹرکچرنگ کے بعد پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کی جائے گی جبکہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام کی ذمہ داری کلی طورپر صوبائی حکومتوں کی ہے، رینجرز سمیت کسی کیخلاف بھی شکایت ہو تو وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں سے بات کرے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کوقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب نے بتایا کہ سابق چیئرمین نادرا 8 لاکھ 42 ہزار سے زائد تنخواہ ماہانہ وصول کرتے رہے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب نے بتایا کہ آڈٹ تنخواہوں اور مراعات کا جائزہ لے رہا ہے۔ چیئرمین نادرا نے بیرون ملک کے 26 دورے کئے۔ چیئرمین نادرا کو خصوصی پیکیج دیاگیا اس حوالے سے کمیٹی بھی قائم ہے جس کی رپورٹ آنے پر ایوان میں پیش کی جائے گی۔

ایک اور ضمنی سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین نادرا کیلئے ایک ٹی II پیکیج بنایا گیا جس کے تحت انہیں تنخواہیں اور مراعات حاصل تھیں۔پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب کی جانب سے بتایا گیا کہ کرائسز مینجمنٹ سیل کی جانب سے تمام تفصیلات موصول ہوئی ہیں اور متعلقہ صوبہ ہی یہ اطلاعات فراہم کرتے ہیں۔ صحافیوں کے حوالے سے دی گئی تفصیلات صوبوں کی جانب سے وزارت داخلہ کو ملنے والی تفصیلات ایوان میں پیش کی گئی ہیں۔

کرائسز مینجمنٹ سیل کی جانب سے جوں ہی تفصیلات ملیں گی وہی مصدقہ ہونگی جو ایوان میں پیش کی جائیں گی مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزارت داخلہ صوبوں کے ساتھ رابطہ میں ہے‘ صحافیوں پر حملوں کے حوالے سے جیسے ہی تفصیلات موصول ہونگی وہ ایوان میں پیش کر دی جائیں گی۔ وزارت خزانہ کے پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل خان نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے مطابق دہشت گردی کیخلاف جنگ پر اخراجات کو پورا کرنے کیلئے قابل تقسیم پول ٹیکسز میں سے 14.62 فیصد اور قابل تقسیم ٹیکسز کی خالص آمدنی کا ایک فیصد حصہ حاصل کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے حصے میں کمی نہیں کی گئی۔ نفیسہ شاہ کے ضمنی سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل خان نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے 67 ہزار نوٹس جاری کئے گئے جس کے نتیجے میں کافی حد تک نئے گوشوارے جمع کرائے گئے ہم اس تعداد سے مطمئن نہیں ہیں۔ حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے اور بھی متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مخصوص صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے لوگوں کو مراعات دی ہیں اس کا مطلب ہرگز نہیں ہے کہ تمام کالے دھن والوں کیلئے یہ سہولت دی گئی ہے۔ پرویز ملک کے ضمنی سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے کام کی رفتار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ سالانہ ایک لاکھ نئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی بات اندازاً کی گئی ہے۔

توقع ہے کہ صورتحال اس سے بھی بہتر ہو گی۔ پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل خان نے کہا کہ گورنرسٹیٹ بینک کو عہدہ چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اپنی مرضی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے احسن انداز میں خدمات سرانجام دی ہیں اس لئے مناسب نہیں تھا کہ ایسے شخص کو مجبور کیا جاتا۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ برآمدات میں کمی ہے۔

حکومت زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کیلئے موثر کوششیں کر رہی ہے جس کے بعد ہی موثر نتائج سامنے آئیں گے۔ حکومت کو زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی پر تشویش ہے۔ ہم نے مصنوعی طریقہ سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کی کبھی کوشش نہیں کی۔ ہم کسی کو مجبور نہیں کر سکتے کہ وہ اپنے عہدے کی مدت پوری ہونے سے قبل مستعفی نہ ہو وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران درآمد کنندگان اور مینو فیکچررز کو 4134 استثنیٰ سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے جن کے ذریعے 21 ارب سے زائد رقم کی چھوٹ دی گئی۔

رانا محمد افضل خان نے بتایا کہ مذکورہ استثنیٰ کے ذریعے ٹیکس استثنیٰ کی صحیح رقم کا تعین نہیں کیا جا سکتا، نہ ہی یہ بجٹ تخمینہ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ رانا محمد افضل خان نے بتایا کہ بجٹ اہداف پر عملدرآمد کیلئے ایس آر اوز کا اجراء ہوتا ہے تاہم حکومت ایس آر اوز کلچر کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم بعض شعبوں کی ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں میں مراعات دینے کیلئے ایس آر اوز جاری ہوتے ہیں۔

موثر بجٹ سازی کے ذریعے ایس آر اوز کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے گا پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان خوراک اور ادویات میں ملاوٹ کے معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ آئی نائن میں ایک گھی مل کو بند کیا گیا۔ بیکریوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء بنانے والے اداروں کیخلاف موثر کارروائی کی جائے گی۔

ساجد احمد کے ضمنی سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف 41 ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں۔ سی ڈی اے اور جڑواں شہر راولپنڈی کی انتظامیہ کی مشترکہ کمیٹی اس سلسلے میں کام کر رہی ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ امن و امان کا مسئلہ کلی طور پر صوبائی حکومت کا معاملہ ہے۔

رینجرز سمیت امن و امان کی جس نے بھی خلاف ورزی کی ہے اس کی ذمہ داری بھی صوبائی حکومت کی ہے۔ اگر ایسے کوئی واقعات ہوئے ہیں ہمارے علم میں لائے جائیں صوبائی حکومت سے بات کرینگے۔ فاضل رکن کو چاہئے تھا کہ وہ صوبائی حکومت سے بھی دریافت کرتے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلوچستان میں زائرین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے وزارت داخلہ کی مدد سے آپریشن جاری ہے۔

کسی دوسرے صوبہ نے درخواست کی تو اس پر بھی غور کیا جائے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل خان نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈ رینجرز کو سمگلنگ کے خاتمے کیلئے خصوصی اختیارات دیئے گئے ہیں۔ گزشتہ سال 5 ارب 30 کروڑ مالیت کا سمگلنگ کا سامان پکڑا گیا۔ بھارت اور افغانستان کے ساتھ طویل سرحد ہے حکومت سمگلنگ کے معاملے پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

چیک پوسٹوں کو بہتر بنا رہے ہیں اور سمگل شدہ ٹائروں کی ٹرکوں پر خصوصی چیکنگ کی جائے گی۔ پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل خان نے بتایا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ افغانستان کا حق ہے۔ دونوں حکومتیں معاہدے کے تحت ٹرانزٹ ٹریڈ میں پائی جانے والی خامیوں کے حوالے سے اقدامات اٹھاتی رہتی ہیں تاہم ٹرانزٹ ٹریڈ کے کنٹینر قانون کے تحت ہم کھول کر چیک نہیں کر سکتے۔

قومی اسمبلی کو رانا محمد افضل خان نے بتایا کہ پاکستان سٹیل ملز اپنے بدترین دور سے گزر رہی ہے جس کی پیداوار 5 سے 10 فیصد ہے فوری طور پر اس کی نجکاری نہیں کی جا رہی اس کی ری سٹرکچرنگ کی جا رہی ہے جوں ہی یہ ادارہ بہتر ہو گا تب ہی اس کی نجکاری ہو گی۔ علی محمد خان کے ضمنی سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ حال ہی میں مکمل ہوا ہے۔ ارکان یا ان کے خاندان کسی بولی میں شامل نہیں ہو سکتے۔