ضلعی افسران صحت کی ٹرانسفر ، پوسٹنگ سیاسی بنیادوں پر نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب نے منظوری دیدی

جمعہ 7 فروری 2014 16:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے نئی پالیسی کی منظوری دی دی ہے اور اب محکمہ صحت کے ضلعی افسران اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی تقرری و تبادلے سیاسی بنیادوں پر نہیں ہوسکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ کے کمیٹی روم میں تمام اضلاع کے ای ڈی اوز صحت کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب بابرحیات تارڑ ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز، عالمی ادارہ صحت ، یونیسف اور ملنڈاگیٹس کے نمائندوں کے علاوہ ای پی آئی، سی ڈی سی، ایم این سی ایچ، پنجاب ایڈز کنٹرول، ڈینگی کنٹرول، ٹی بی ڈاٹس اور دیگر ہیلتھ پروگراموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام ہیلتھ پروگراموں کی ضلع کی سطح پر کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ان میں پائی جانے والی خامیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی جنہیں دور کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت پنجاب بابر حیات تارڑ نے کہا کہ محکمہ صحت کے افسران کو کوالٹی آف سروسز پر توجہ دینا ہوگی تاکہ ضلعی سطح پر ہیلتھ پروگراموں کے طے شدہ اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں پنجاب پبلک سروس کمیشن سے آنے والے میڈیکل آفیسرز میں سے جن ڈاکٹرز نے ڈیوٹی پر رپورٹ نہیں کیا۔ ان کے تقررنامے حکومت نے منسوخ کر کے پبلک سروس کمیشن کو وٹینگ لسٹ میں ڈاکٹرز کی فہرست طلب کر لی ہے۔

سیکرٹری صحت نے واضح کیا کہ نئے آنے والے ایم اوز ، ڈبلیو ایم او ز کو 3سال پیری فری میں خدمات سرانجام دینا لازم ہے اس میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ بابر حیات تارڑ نے کہا کہ پی بی ٹرینی ڈاکٹرز کو تنخواہ کے لیے کسی ہسپتال یا صحت مرکز میں تعینات نہیں کیا جائے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت میں نرسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 28سونرسوں کی بھرتی کی جارہی ہے اور تمام کیڈرز کے ڈاکٹرز کی ہزاروں کی تعداد میں ترقیاں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے پولیو کے خاتمہ کے لیے پنجاب آنے والے راستوں پر دیگر صوبوں سے آنے والے مسافر بچوں کو قطرے پلانے کے لیے چیک پوسٹوں کو مستحکم کرنے کی ہدایت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وہ خوداور سیکرٹری صحت تمام ڈویژنل دفاتر کے دورہ کریں گے اور وہاں قیام کے دوران فیلڈ میں بھی جاسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :