وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی کی ایل آر ایچ میں شمع سینما دھماکے کے زخمیوں کی عیادت،شمع سینما،رنگ روڈاور کوچہ رسالدار دھماکوں کے شہداء کے لئے پانچ پانچ لاکھ جبکہ زخمیوں کے لئے دو دو لاکھ روپے امدادکا اعلان

منگل 11 فروری 2014 23:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے شمع سینما دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امن کوششوں کے خلاف سازش قرار دیا اور کہا ہے کہ امن مذاکرات کے دوران پے در پے دھماکے یہ ثابت کرتے ہیں کہ پس پردہ کئی قوتیں ہیں جو قیام امن کی کوششوں کو سبوتاز کرنا چاہتی ہیں تاہم اگر حکومت اور طالبان مخلص ہیں تو یہ سازشیں ناکام ہوں گی اور امن آ کر رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں شمع سینما دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر زخمیوں سے علاج معالجہ کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا اورہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شمع سینما دھماکے کے ساتھ ساتھ رنگ روڈ اور کوچہ رسالدار دھماکوں کے شھداء کے لئے پانچ پانچ لاکھ جبکہ زخمیوں کے لئے دو، دو لاکھ روپے کا اعلان کیا مزید برآں انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیاکہ وہ پے در پے دھماکوں کے باوجود زخمیوں کو بہترین طریقے سے طبی سہولیات مہیا کر رہے ہیں اگرچہ یہ ان کی ذمہ داری ہے مگر پھر بھی بیک وقت اتنے سنگین مریضوں اور زخمیوں کو اطمینان بخش سہولیات فراہم کرنا بہت مشکل ذمہ داری ہے۔

وزیر صحت نے اس موقع پر غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔