Live Updates

امریکی لابی طالبان سے مذاکرات کو ثبوتاژکرنے کی پوری کوشش کرے گی،عمران خان کی پیشین گوئی،مذاکرات کامیاب بنانے کے لیے فائربندی ،قبائلی علاقے سے باہر کہیں بھی طالبان دفترکھولاجائے، جنوبی وزیرستان میں آپریشن کیاگیاتو بہت بھیانک نتائج برآمد ہوں گے ،القاعدہ سمیت تمام جنگجوؤں کو آئی ایس آئی اورسی آئی اے نے روس کے خلاف لڑنے کے لیے تیار کیالیکن اب امریکی وہاں آگئے تو یہ دہشت گردکہلانے لگے ، پولیوٹیموں پر حملے شکیل آفریدی معاملے کے بعد شروع ہوئے،اعتزازاحسن کو قبائلی علاقو ں کا کچھ پتہ نہیں، وہ تبصرے گریز کریں،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نجی ٹی وی سے بات چیت

منگل 11 فروری 2014 23:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیشین گوئی کی ہے کہ امریکی لابی طالبان سے مذاکرات کو ثبوتاژکرنے کی بھرپورکوشش کرے گی،اگر خدانخواستہ جنوبی وزیرستان میں آپریشن کیاگیاتو اس کے بہت بھیانک نتائج برآمد ہوں گے ،مذاکرات کامیاب بنانے کے لیے سب سے پہلے فائربندی پھر طالبان کا قبائلی علاقے سے باہر کہیں بھی دفترکھولاجائے،القاعدہ سمیت تمام جنگجوؤں کو آئی ایس آئی اورسی آئی اے نے تیار کیااورروس کے خلاف لڑنے کا کہاکہ یہ جہاد ہے لیکن اب امریکی وہاں آگئے تو یہ دہشت گردی ہے، پولیوٹیموں پر حملے شکیل آفریدی کے امریکا کے لیے کام کرنے اوراسامہ کو پکڑوانے میں مددکرنے پر شروع ہوئے،گزشتہ روز نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ اس سے پہلے بھی طالبان سے مذاکرات ہوئے اورجونہی مذاکرات شروع ہوتے ہیں فوری دھماکے ہوجاتے ہیں حالانکہ طالبان ان دھماکوں کی تردیدکرتے ہیں جس سے ظاہر ہوتاہے کہ تیسری قوت ملک میں امن نہیں چاہتی ،امریکی جنگ کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے،اربوں روپے کا نقصان ہورہاہے،اس جنگ میں ہمارے قرضے پانچ ہزار ارب سے پندرہ ہزار ارب ڈالر پر پہنچ چکے ہیں، ڈالر ساٹھ روپے سے سو روپے پر جا چکا ہے،صرف خیبر پختونخوا صوبے میں بے روزگاروں کی تعداد انتہائی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے،انہوں نے کہاکہ 2011میں سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی کانفرنس میں سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بتایا کہ امریکا پورزورلگارہاہے کہ جنوبی وزیرستان میں آپریشن ہونا چاہیے،اورپاکستان کو اس آپریشن کے لیے اکسانے کیلیے امریکی جرنیلوں نے آئی ایس آئی پر بھر پور الزامات لگائے ،اسی کانفرنس میں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر)پاشا نے کہاکہ اگر ہم یہ آپریشن کرتے ہیں تو بے گناہ لوگ مارے جائیں گے جس سے ان میں اشتعال پیداہوگا اورجنگجوشہروں میں آکر حملے کریں گے ہلاک ہونے والوں کے رشتہ داربندوقیں اٹھالیں گے،عمران خان نے کہاکہ مجھے نوازشریف نے سابق دورحکومت میں وزیراعظم گیلانی کی جانب سے بلائی جانے والی کانفرنس سے قبل کہاکہ مجھے اس وقت کے آرمی چیف جنرل کیانی نے کہاکہ جنگ کی کامیابی کے صرف چالیس فیصد امکانات ہیں،انہوں نے کہاکہ اگر مذاکرات ناکام ہوجاتے ہیں تو آپریشن کیاجاسکتا ہے اگر جنگ ناکام ہوجاتی ہے تو پھر کیاکریں گے؟انہوں نے پیشن گوئی کی کہ طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو سبوتاژکرنے کی بھر پور کوشش کی جائیگی،کیونکہ امریکی لابی پہلے ہی عوام کے ذہن میں یہ بات بیٹھا چکی ہے کہ اگر جنوبی وزیرستان میں آپریشن ہوجائے توملک میں امن قائم ہوجائیگا،انہوں نے کہاکہ امریکی لابی مزید دھماکے کرکے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کی فضاء فضاء قائم کرے گی اوراگر خدانخوستہ یہ آپریشن ہواتو اس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے،عمرا ن خان نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے سینٹر اعتزازاحسن کو قبائلی علاقوں کاکچھ پتہ نہیں وہ طالبان سے مذاکرات پر تبصرے سے گریز کریں،انہوں نے کہاکہ لوگوں کو ڈرایاجارہاہے کہ مذاکرات کے بعد ملک میں طالبان آجائیں گے برقعے پہنادیئے جائیں گے ،ملک میں طالبانائزیشن آجائیگی،لیکن ایساکچھ نہیں ہے ،ہمیں امریکی جنگ سے نکلنے کیلیے مذاکرات کرنا ہوں گے ،تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہاکہ پولیوٹیموں پر حملے شکیل آفریدی کے امریکا کے لیے کام کرنے اوراسامہ کو پکڑوانے میں مددکرنے پر شروع ہوئے،انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقو ں میں آپریشن کرکے پاکستان نے بہت بڑا ظلم کیا،القاعدہ سمیت تمام جنگجوؤں کو آئی ایس آئی اورسی آئی اے نے تیار کیااورروس کے خلاف لڑنے کا کہاکہ یہ جہاد ہے لیکن اب امریکی وہاں آگئے تو یہ دہشت گردی ہے اوراس کے بعد طالبان کے کئی گروپ بن گئے اورپھر ان کے خلاف نئی سازش کی گئی اورشیعہ سنی لڑائی کو فروغ دیاگیا،عمران خان نے کہاکہ اگرمذاکرات کامیاب بنانے ہیں تو سب سے پہلے سیز فائر کیاجائے اوراسلام آباد یا کہیں بھی قبائلی علاقے سے باہر طالبان کا دفترکھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ کہیں دھماکاہوتوان سے پوچھا جائے کہ آپ نے یہ کیا ہے یا نہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات