دھماکے میں بال بیرنگ کے استعمال کے شواہد نہیں ملے ہیں‘زخمیوں کے ایکسرے میں دھات کے ٹکڑوں کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں،ڈاکٹرسیمی جمالی

جمعرات 13 فروری 2014 13:15

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2014ء) جناح اسپتال شعبہ ایمرجنسی کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہاہے کہ دھماکے میں بال بیرنگ کے استعمال کے شواہد نہیں ملے ہیں جبکہ زخمیوں کے ایکسرے میں دھات کے ٹکڑوں کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں،گمان یہی ہے کہ دھات کے ٹکڑے بس کے بھی ہوسکتے ہیں تاہم دھماکے میں انتہائی مہلک قسم کا شدیدجھلسادینے والاباروداستعمال کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کی صبح جناح اسپتال میں میڈیا سے بات چیت کررہی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ8 پولیس اہلکاروں کی لاشیں اور40پولیس اہلکاروں سمیت 54 زخمیوں کوجناح اسپتال لایا گیا ہے ،جن میں سے10 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں کو سر، سینے اور ٹانگوں پر چوٹیں آئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ہے تاہم اسپتال میں ایمرجنسی لگا کر تمام زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔