تندرستی ہزار نعمت ہے۔ کھیل صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ناگزیر ہیں‘حافظ طارق محمود

پیر 17 فروری 2014 13:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء) چیئرمین علماء و مشائخ کونسل آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر حافظ طارق محمود اور ریجنل ڈائریکٹر یوتھ فورم فار کشمیر ماریہ ترانہ نے کہا ہے کہ تندرستی ہزار نعمت ہے۔ کھیل صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ناگزیر ہیں۔ جہاں کھیلوں کے گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کے اندر صلاحیتوں کی کمی نہیں مگر انہیں نکھارنے کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین علماء و مشائخ کونسل اور ریجنل ڈائریکٹر یوتھ فورم فار کشمیر نے پہلا یوتھ چیلنج فٹبال ٹورنامنٹ منعقدہ یونیورسٹی گراؤنڈ میں فائنل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس کیساتھ ہی یوتھ چینلج فٹبال ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا۔ فائنل میں آزاد فٹبال کلب نے سٹائیگر فٹبال کلب کو 3,2 سے شکست دے کر فائنل اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

یوتھ فورم فار کشمیر کے تعاون سے ہونیوالے اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جیتنے اور رنر اپ ٹیموں اور ان کے کھلاڑیوں میں حافظ طارق محمود اور ماریہ ترانہ نے اپنے ہاتھوں سے انعامات تقسیم کیئے گئے۔ اس موقع پر ماریہ ترانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان فراہم کرے۔ یونیورسٹی گراؤنڈ واحد سٹیڈیم ہے جہاں نوجوان اپنے کھیل پیش کرتے ہیں۔

.6 ملین آبادی کا 50 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ نوجوانوں کیلئے کھیل کے میدان نہ ہونے کی وجہ سے وہ بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں اور منشیات کے عادی بن رہے ہیں۔ اس موقع پر حافظ طارق محمود نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نوجوانوں کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ ہمارے پارٹی قائدبلاول بھٹو زرداری نوجوان ہیں اور انہوں نے سندھ یوتھ فیسٹول کا آغاز کرکے ثابت کیا کہ وہ نوجوانوں کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ فورم فار کشمیر کی ریجنل ڈائریکٹر نے جس نقطہ کی نشاندہی کی وہ قابل تحسین ہے۔ ماریہ ترانہ کے ہمراہ نوجوانوں کا وفد لے کر وزیر سپورٹس کیساتھ ملاقات کرینگے۔ جہاں تک ممکن ہوا کردار ادا کرینگے۔نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں۔ نوجوان صحت مند ہونگے تو معاشرہ ترقی کریگا۔ وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ نوجوانو ں کی ترقی کیلئے کام کیا جائے۔ یوتھ فورم فار کشمیر نے بہت اچھی سرگرمی شروع کی جس سے نوجوانوں کو نیا ولولہ ملا ہے۔ ایسے پروگرام منعقدہونے چاہئیں تاکہ معاشرے کو برائیوں سے بچایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :