نجی تعلیم ادارے تعلیم کے فروغ میں اہم کرداراداکررہے ہیں،یاسین خلیل، معاشرے کے غریب طبقات سے وابستہ افراد کے بچوں کو تعلیمی دھارے میں لاکر نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کلیدی کردار اداکر سکتے ہیں،مشیر وزیر اعلی خیبرپختونخوا

بدھ 19 فروری 2014 20:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے امداد بحالی ،آبادکاری اور ٹرانسپورٹ یاسین خان خلیل نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے ملک میں باالعموم اور صوبہ خیبر پختونخوامیں باالخصوص تعلیم کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کررہے ہے تاہم معاشرے کے غریب طبقات سے وابستہ افراد کے بچوں کو تعلیمی دھارے میں لاکر نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کلیدی کردار اداکر سکتے ہیں انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک نجی تعلیمی ادارے مدینہ چلڈرن اکیڈمی کوہاٹ روڈ مدینہ کالونی پشاور کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ منتخب حکومت تعلیم کے شعبے کو خصوصی اہمیت دیتی ہے لہذٰ ا یہی وجہ ہے کہ رواں بجٹ میں تعلیم کے فروغ کیلئے خاطر خواہ رقم مختص کی گئی ہے جس کے نہایت بہتر نتائج اخذ ہونگے ۔

(جاری ہے)

یاسین خلیل نے کہا کہ ماضی میں تعلیمی شعبے کو اُتنی اہمیت نہیں دی گئی جتنی چاہئے تھی تاہم پی ٹی آئی حکومت اس کی اہمیت اور افادیت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اس شعبے میں واضح تبدیلی متعارف کرانے کی خاطر سنجیدہ کوششیں کر رہی ہیں اور آئندہ سال یکساں نظام تعلیم صوبے کے طول وعرض میں نافذ کر دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور حکومت کے اصلاحاتی پروگرام اور اقدامات کے تحت مستقبل میں یہ حق ہر بچے کو دیا جائے گا انہوں نے اکیڈمی انتظامیہ کی تعلیمی فروغ میں دلچسپی ظاہر کرنے پر اُن کی ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی اور تعاون کا اظہار کیا قبل ازیں اکیڈمی آمد کے موقع پر اُن کا والہانہ استقبال کیا گیا جبکہ اُنہوں نے فیتہ کاٹ کر مدینہ چلڈرن اکیڈمی کا باضا بطہ افتتاح کیا اور ایک بچے کے داخلہ فارم پر دستخط کرکے داخلہ مہم کا افتتاح بھی کیا تقریب سے اکیڈمی کے ناظم نعمت خان نے بھی خطاب کیا اور اکیڈمی کے قیام کے اغراض ومقاصد بیان کئے اور مشیر برائے وزیر اعلیٰ یاسین خلیل کا تقریب میں شرکت کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔