کالاش کمیونٹی کو دھمکی ،پاک فوج تحریک طالبان کے مذموم مقاصد اور ارادوں کو ناکام بنا دیگی،میجر جنرل جاوید بخاری ،چترال میں حالات کا ہر ہفتے جائزہ لیکر سیکیورٹی فورسز کی مختلف علاقوں میں تعیناتی کی جاتی ہے،کسی بھی جارحیت کا بر وقت اور منہ توڑ جواب دیا جائیگا، جنرل آفیسر کمانڈنگ سوات

اتوار 23 فروری 2014 19:53

چترال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) جنرل افیسر کمانڈنگ سوات میجر جنرل جاوید بخاری نے کہا ہے کہ کالاش کمیونٹی کو تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے دی گئی دھمکی میں اگر کوئی صداقت موجود بھی ہو تو پاک فوج ان کے مذموم مقاصد اور ارادوں کو ناکام بنائے گی۔ اتوار کے روز یہاں بمبوریت کے مقام پر کالاش کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چترال میں حالات کا ہر ہفتے جائزہ لے کر اسی کے بنیاد پر سیکیورٹی فورسز کی مختلف علاقوں میں تعیناتی کی جاتی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمیں اپنی تیاریوں پر سو فیصد اطمینا ن ہے کہ کسی بھی جارحیت کا بر وقت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔میجر جنرل جاوید بخاری نے کہا کہ کالاش وادیوں کے عوام مذہب اور عقیدے سے قطع نظر حکومت اور ریاست کے لئے اہمیت رکھتے ہیں اور ان کی حفاظت کو اپنی اولین فرض سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امن پسند ہر شہری کو ہم دل وجان سے عزیز رکھتے ہیں جبکہ دہشت گردی میں ملوث کسی کو بھی معاف نہیں کیا جائے گا خواہ اس کا تعلق جس مذہب سے بھی ہو۔

اس سے قبل کالاش اقلیت کی طرف سے سیف اللہ جان کالاش نے کہاکہ پاکستان ایک نظریاتی اسلامی مملکت ہے جہاں اقلیتوں کو ہر قسم کا تحفظ حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب تک یہ اقلیت ختم ہونے سے بچ گئی ہے۔ انہوں نے وادی کے لئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کی طرف سے دھمکی ملنے کے بعد اگرچہ پریشانی پھیل گئی تھی لیکن سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے وہ مطمئن ہوگئے ہیں۔ بمبوریت میں مسلم کمیونٹی کی طرف سے سابق یونین ناظم عبدالمجید نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :