عراق بم دھماکوں ، فائرنگ اور راکٹ حملوں میں 4امریکی فوجیوں سمیت 45 افراد ہلاک ، درجنوں زخمی

متعدد گاڑیاں ، کثیر المنزلہ عمارت منہدم، زخمی ہسپتال منتقل ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ۔ امریکی ہیلی کاپٹر مار گرائے جانے کی ذمہ داری القاعدہ سے تعلق رکھنے والے گروپ نے قبول کر لی

اتوار 8 اپریل 2007 13:12

بغداد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین08 اپریل 2007) عراق میں بم دھماکوں ، راکٹ حملوں ، فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 4امریکی فوجیوں اور ایک عراقی پولیس اہلکار سمیت 45 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ متعدد گاڑیاں تباہ اور راکٹ حملوں سے کثیر المنزلہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی ، القاعدہ نے امریکی ہیلی کاپٹر مار گرائے جانے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کے روز عراق کے مشرقی صوبے دیالہ میں سڑک کے کنارے نصب بم اچانک پھٹنے سے 4امریکی فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ جن کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ہسپتال حکام نے ان کی حالت بھی خطرے میں بتائی ہے۔

(جاری ہے)

حالیہ واقعے کے بعد عراق پر امریکی قبضے سے لے کر اب تک عراق میں مجموعی طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3274 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ صوبہ دیالہ میں گزشتہ چند دن سے مزاحمت کاروں کے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آ یا ہے اور رواں ماہ عراق میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ ادہر محمودیہ شہر میں نامعلوم افراد کی جانب سے ایک رہائشی عمارت پر کئی راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔ جبکہ کثیر المنزلہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی ۔

پولیس حکام کے مطابق 30 زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے تاہم متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس حکام اور عینی شاہدین کے مطابق ابھی تک ملبے سے 18 لاشوں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں ۔ ادہر محمودیہ شہر کے مشیر فوائد الامیری نے بتایا کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ابھی تک کسی نے راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ دوسری جانب محمودیہ ہی میں دھماکہ خیز مواد سے بھرا ایک ٹرک دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ عراقی پولیس حکام کے مطابق ٹرک کو اس وقت دھماکے سے اڑا دیا گیا جب وہاں کثیر تعدا میں لوگ جمع تھے۔ دھماکے سے ٹرک کے قریب ایک دیوار بھی منہدم ہو گئی جبکہ قریبی عمارتوں اور آس پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

قبل ازیں بغداد کے علاقے عظیمیہ میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک عراقی پولیس اہلکار مارا گیا جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ ادہر بغداد ہی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار لیا۔ پولیس حکام نے ہلاکتوں کو مذہبی اختلافات کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔ ادہر القاعدہ سے تعلق رکھنے والے ایک گروپ نے دارالحکومت بغداد کے نواحی علاقے میں گرائے جانے والے امریکی ہیلی کاپٹر گرائے جانے کے واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ اس واقعے میں ہیلی کاپٹر پر سوار تمام اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔