وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق سوائن فلو کی صورتحال کا جائزہ لینے ملتان پہنچ گئے،خواجہ سلمان رفیق نے نشتر ہسپتال میں زیر علاج سوائن فلو کے مریضوں کی عیادت کی،سہولیات کے بارے میں دریافت کیا،محکمہ صحت ،عالمی ادارہ صحت اوروبائی امراض کے ماہرین سوائن فلو کی روک تھام کیلئے مشترکہ جدوجہد کررہے ہیں‘ خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 6 مارچ 2014 20:30

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری ہیلتھ بابر حیات تارڑ کے ہمراہ جمعرات کے دن نشتر ہسپتال ملتان کا دوروہ کیا اور وہاں زیر علاج سوائن فلو کے مریضوں کی عیادت کی ۔ خواجہ سلمان رفیق ہسپتال میں زیر علاج سوائن فلو کے 7 مریضوں کے پاس فردا فردا گئے اور ان کی خیریت معلوم کرنے کے علاوہ ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت عالمی ادارہ صحت اور وبائی امراض کی روک تھام کے ماہرین کے تعاون سے سوائن فلو کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے اور اس وقت تمام ماہرین ملتان میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے نشتر ہسپتال کے دورے کے بعد سوائن فلو کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

جس میں سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں ڈاکٹر عطاء الرحمن ، ڈاکٹر ارسلان ،پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر سمیع اختر،ای ڈی او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر افتخار قریشی،ڈائریکٹر ہیلتھ سی ڈی سی ڈاکٹر احمد عفیفی ،ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر عاشق حسین،ایم ایس ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر مختار ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایپی ڈیمک کنٹرول اینڈ رسپانس ڈاکٹر جعفر الیاس اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سوائن فلو کے مریض ملتان ،تونسہ شریف ،خانیوال،تحصیل شورکوٹ،جھنگ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔سیکرٹری صحت نے اجلاس میں بتایا کہ مذکورہ شہروں کے ہسپتالوں اور محکمہ صحت کے حکام کو پہلے ہی الرٹ رہنے اور صورتحال پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔سیکرٹری صحت نے بتایا کہ سوائن فلو کے علاج میں استعمال ہونے والی اینٹی وائرل ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ان ادویات کا اضافی سٹاک منگوانے کے لئے متعلقہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے نشتر ہسپتال میں سوائن فلو کے مریضوں کے علاج معالجے اور دیکھ بھال کے انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ڈاکٹروں،نرسز اور پیرامیڈکل سٹاف پر زور دیا کہ وہ سوائن فلو کے مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کرتے وقت اپنی حفاظت کے لئے تمام احتیاطی تدابیر بروئے کار لائیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے مزید تیز رفتاری سے اقدامات کریں۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کے حکام سے بھی رابط کیا ہے اور لائیو سٹاک کی ٹیموں نے علاقے میں پولٹری فارمز اور لائیو سٹاک فارمز کی مانیٹرنگ بھی شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :