چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کی کوسوو کے وزیر خارجہ انور ہوژاج سے ملاقات ، باہمی دلچسپی کے اہم امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 10 مارچ 2014 20:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے کوسوو کے وزیر خارجہ انور ہوژاج سے پارلیمنٹ ہاوٴس میں ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کوسوو کیساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دی جائے ۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اہم امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ کوسوو اور سربیا کے مابین مذاکراتی عمل ایک اچھا اقدام ہے اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کا دیر پا حل نکالا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دوطر فہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے کہ بین الپارلیمانی اور عوامی سطح پر روابط کو بڑھایا جائے تاکہ تعلقات کو ایک نئے انداز میں آگے بڑھایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

چیئر مین سینیٹ نے کو سوو کی حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کاا ظہار بھی کیا ۔

کو سوو کے وزیر خارجہ نے چیئر مین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان کیساتھ سفارتی تعلقات مثبت سمت میں جارہے ہیں ۔انہوں نے چیئر مین سینیٹ کو کوسوو کی مجموعی سماجی ، سیاسی اور اقتصادی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا اور چیئر مین سینیٹ کو کو سو و کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :