کامران مائیکل نے متاثرین تھر کیلئے وزارت میں امدادی فنڈ قائم کر دیا،ایک ماہ کی تنخواہ متاثرین تھر کے نام،ڈاکٹروں کی چار ٹیمیں(کل) روانہ ہونگی، کروڑوں کی ادویات اور خوراک کے پیکٹس تقسیم ہونگے،وفاقی وزیرجہاز رانی وبندرگاہیں

جمعرات 13 مارچ 2014 19:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر جہاز رانی و بندر گاہ سینیٹر کامران مائیکل نے تھر کے مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کے لئے وزارت اور کراچی بندر گاہ کو احکامات جاری کئے کہ تھر کے ضرورت مند افراد کی امداد لے لئے ایک فنڈ قائم کیا جائے اور وفاقی وزیر نے اپنے ایک ماہ کی تنخواہ اس فنڈ میں دینے کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیر کے احکامات پر کراچی بندر گاہ کے ہر ملازم نے اپنی ایک دن کی تنخواہ اس فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر کی اس کوشش سے ۴۲ لاکھ روپے جمع ہو رہے ہیں جن سے ضرورت مند افراد کے لئے خوراک کے پیکٹس خریدے جا رہے ہیں۔مزید برآں وفاقی وزیر نے وزارت کو ہدایات جاری کی کہ پہلے مرحلہ میں ڈاکٹرز، نرسز، اور پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل چار ٹیمیں کل صبح تھر کے لئے روانہ کی جائیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں جب تک آخری بچے کا علاج نہ ہو جائے وہاں پر رہیں۔

(جاری ہے)

وزارت جہاز رانی و بندر گاہ ، کامران مائیکل کی ہدایات پر کروڑوں روپے کی ادویات بھی ڈاکٹرز کی ٹیموں کے ہمراہ تھر بھجوا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے پورٹ قاسم کو بھی ہدایات جاری کی کہ وہ بھی اس طرز پر خوراک کے پیکیٹس تیار کروائیں او ر ان پیکٹس کی تیاری میں تین سے چار روز لگیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے وفاقی وزیر کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے خود تھر کے لئے روانہ ہوں اور نہ صرف خود خوراک و ادویات کی تقسیم کاری میں حصہ لیں بلکہ امدادی کاموں کا جائزہ لے کر وزیر اعظم کو اس سے مطلع کریں۔

متعلقہ عنوان :