سندھ حکومت نے تھر پارکر میں ہیپا ٹائٹس بی سی اور پولیو ویکسینیشن مہم شروع کردی، روبینہ قائم خانی ،بلاول بھٹو ، آصف زرداری اور وزیراعلی سندھ خود ریلیف آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں ، صوبائی وزیر سماجی بہبود و حقوق نسواں

ہفتہ 15 مارچ 2014 21:50

سندھ حکومت نے تھر پارکر میں ہیپا ٹائٹس بی سی اور پولیو ویکسینیشن مہم ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں روبینہ سعادت قائم خانی نے تھرپارکر مٹھی میں پولیو ، ہیپا ٹائٹس بی اور سی کی ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا ۔ اس موقع پر سیکریٹری صحت سندھ اقبال درانی بھی موجود تھے ۔ ڈی سی او تھرپارکر نے صوبائی وزیر اور سیکریٹری صحت سندھ کو تھرپارکر اور مٹھی میں جاری ریلیف کے کاموں سے متعلق بریفنگ بھی دی ۔

صوبائی وزیر روبینہ قائم خانی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری تمام صورتحال کو خود مانیٹر کر رہے ہیں اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر تھر میں خوراک کے ساتھ ساتھ نو بیماریوں سے بچاوٴ کے ٹیکوں کی خصوصی مہم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک سال سے پانچ سال کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے بھی پلائے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تھر میں تین موبائل ویکسین وین ہر گاوٴں گاوٴں جا کر بچوں کو ویکسن کی سہولت فراہم کرے گی ۔ جبکہ ہفتہ کے روز تھر پارکر کے پندرہ دیہاتوں میں ایک ہزار تین سو پینتالیس بچوں کو ویکسن فراہم کی گئی ہے ۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت اور قحط سے نبرد آازما پریشان حال عوام کی ہر ممکن داد رسی کی جائے گی ۔

صوبائی وزیر روبینہ قائم خانی نے سیکریٹری صحت ، سیکریٹری سماجی بہبود و ترقی نسواں کے ہمراہ مٹھی سول اسپتال کا دورہ بھی کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی ۔

سیکریٹری صحت سندھ اقبال درانی نے تھرپارکر کے تمام سرکاری اسپتالوں اور بنیادی صحت مراکز کے زمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ اسپتالوں میں زیر علاج افراد کی بہتر سے بہتر نگہداشت کریں اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔