مصر کی جانب سے غزہ کی پٹی کی سرحد بند کئے جانے سے جانوں کے غیرمعمولی ضیاع کا اندیشہ ہے،فلسطینی وزارت صحت

پیر 17 مارچ 2014 15:11

غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17مارچ 2014ء) فلسطینی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ مصر کی جانب سے غزہ کی پٹی کی سرحد بند کئے جانے کے نتیجے میں شہر میں جانوں کے غیرمعمولی ضیاع کا اندیشہ ہے۔ وزیرصحت ڈاکٹر مفید المخللاتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ اور مصر کے درمیان رفح گزرگاہ کی بندش سے سرحد پر پھنسے تین مریض دوائی نہ ملنے کے باعث دم توڑ گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں مریضوں کی بڑی تعداد بیرون ملک علاج معالجے کیلئے جانے کی خواہاں ہے لیکن مصری حکومت کی جانب سے سرحد بند کر دی گئی ہے اور سینکڑوں مریضوں کی بڑی تعداد مزید مسائل سے دوچار ہے۔وزیرصحت نے کہا کہ شہر میں سرحدوں کی بندش کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کو بنیادی ضرورت کی ادویات کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی ہے جس کے نتیجے میں شہر کے ہسپتالوں اور مریضوں کو سنگین مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ سے مصرعلاج کیلئے سفر کرنیوالے تین مریض راستے ہی میں دم توڑ گئے لیکن مصری حکام نے انہیں سرحد پار جانے کی اجازت نہیں دی۔

متعلقہ عنوان :