پشاور، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے نئے حادثاتی اور ایمر جنسی بلاک کا افتتاح کردیاگیا، عوام کو صحت کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے پر موجودہ صوبائی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے ،شوکت علی یوسفزئی، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مستفید کرنے کیلئے دستیاب تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،وزیر صحت خیبرپختونخوا کا افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 18 مارچ 2014 19:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے پر موجودہ صوبائی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس کے لئے دستیاب تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے مستفید ہوسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں نئے حادثاتی اور ایمر جنسی بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو لیڈی ریڈنگ ہسپتال ڈاکٹر مظفر دین صادق بھی موجود تھے۔ وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ جدید طرز کے آلات و سہولیات سے آراستہ نئے بلاک میں چھ آپریشن تھیٹر،ٹراما سنٹر،آرتھو پیڈک وارڈ،سی ٹی سکن،ایکس رے،لیبارٹری،انڈوسکوپی،بلڈ بنک،آئی یونٹ اور مفت ادویات کی دستیابی جیسی بنیادی ضروریات عوام کو فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ مستحق افراد فوری طور پر اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

(جاری ہے)

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ ایل آر ایچ کے نیو بلاک میں بیک وقت 200بستروں کی سہولت فراہم کی گئی ہے انہوں نے ڈاکٹروں کو خبر دار کیا کہ وہ اپنی ڈیوٹی پوری ایمانداری سے سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ اس پیشے کے تقدس کو بحال رکھنا ڈاکٹرز کی اولین ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی نا قابل برداشت ہو گی۔ اس موقع پر وزیر صحت شوکت یوسفزئی نے ہسپتال میں سٹاف کی کمی کو پوراکرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

اپنی مختصر تقریر میں چیف ایگزیکٹیو لیڈی ریڈنگ ہسپتال ڈاکٹر مظفر دین صادق نے وزیر صحت شوکت یوسفزئی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نیو بلاک کی تعمیر میں اپنا بھرپور تعاون فراہم کیا اور کہا کہ یہ ایک دیرینہ ضرورت تھی جسے موجودہ حکومت نے قلیل مدت میں مکمل کر کے انسان دوست پالیسی کا ثبوت دیا۔

متعلقہ عنوان :