ڈینگی سے نمٹنے کیلئے صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جائے ،ویکٹر سرویلنس اینڈ رسپانس کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیا جائے‘ مشیر صحت

جمعرات 27 مارچ 2014 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت صوبے میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ کے آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ ڈاکٹر ز اہد پرویز، چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج اور چیف انٹامالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اپیڈیمک رسپانس اینڈ کنٹرول ڈاکٹر جعفر الیاس اور دیگر افسران نے شرکت کی-اجلاس میں ڈاکٹر وسیم اکرم نے خواجہ سلمان رفیق کو آئندہ 2 ماہ کے دوران ہونے والی بارشوں کے بارے محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری فورکاسٹ سے آگاہ کیا- انہوں نے بتایا کہ اپریل اور مئی کے دوران راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے جس کی وجہ سے ڈینگی کی افزائش کے ہاٹ سپاٹ میں اضافہ ہو سکتا ہے - خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور ویکٹر سرویلنس اینڈ رسپانس کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیا جائے- انہوں نے ڈی جی صحت کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے حوالے سے تمام حساس اضلاع کے ای ڈی اوز صحت کو بھی ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات کو موثر بنانے کے احکامات جاری کریں - انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام اور مریضوں کے علاج معالجہ کے حوالے سے محکمہ صحت کو گزشتہ سال کی نسبت زیادہ مستعد اور الرٹ رہنے کی ضرور ت ہے -

متعلقہ عنوان :