ریسکیو 1122 کے کردار کو مثالی ہے ،ادارے کی افادیت کے حکومت اور عوام دونوں معترف ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا، کرپشن کے خلاف جہاد میں عوام ہمارے ساتھ ہیں تھانے اور پٹوار خانے کا کلچر بد ل رہا ہے تعلیمی اور طبی اداروں میں عملے کی حاضری اور سہولیات کی بہتری سے بھی لوگ مطمئن ہونے لگے ہیں ،پرویزخٹک

جمعہ 28 مارچ 2014 20:50

ریسکیو 1122 کے کردار کو مثالی ہے ،ادارے کی افادیت کے حکومت اور عوام دونوں ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ناگہانی آفات میں شہریوں کی مدد اور بروقت امدادی کاروائیوں پرریسکیو 1122 کے کردار کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ادارے کی افادیت کے حکومت اور عوام دونوں معترف ہیں اُنہوں نے اسکی خدمات بہت جلد صوبے کے تمام بڑے شہروں میں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسکے نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ کارکنوں کیلئے شہداء پیکج اور انڈونمنٹ فنڈکے قیام سمیت مختلف مراعات کیلئے مناسب اقدامات کا یقین دلایا اُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نہ صرف اس کا معیار برقرار رکھے گی بلکہ مزید وسائل اور عملہ بھی مہیا کیا جائے گاوہ پشاور صدر میں ریسکیو1122 کے صوبائی ہیڈکوارٹر کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے جس سے مشیر برائے ریلیف و ٹرانسپورٹ یسین خان خلیل،سیکرٹری ریلیف محمد اورنگزیب خان اور ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اسد علی خان نے بھی خطاب کیا اور مصیبت کے لمحات میں شہریوں کی بروقت مدد سے متعلق اس کی کامیاب کوششوں اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی تقریب میں صوبائی وزیر زراعت و آئی ٹی شہرام خان ترکئی ، وزیر کھیل و صحت محمود خان، وزیر تعلیم محمد عاطف خان، وزیراعلیٰ کے مشیر وں میاں جمشید ، رفاقت الله بابر اور وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل کے چیئرمین حاجی دلروز خان کے علاوہ عمائدین شہر نے بھی شرکت کی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تبدیلی کا ایجنڈا لیکر بر سر اقتدار آئی ہے اور عوام نے اسی مینڈیٹ اور کافی اُمیدوں کے ساتھ اسمبلی بھیجا ہے ہم اُن کی توقعات کی تکمیل میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور اداروں اور حکومت پر اُن کا سو فیصد اعتماد بحال کریں گے اُنہوں نے کہا کہ نوجوان ہماری اُمیدوں کا مرکز ہیں جو تبدیلی اور کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام میں ہمارے اصل سپورٹر ہیں اسلئے ہم ایک دوسرے سے وابستہ اُمیدوں کی لاج بھی رکھیں گے اور نظام کی تبدیلی کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر بنائیں گے وزیر اعلیٰ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض لوگ تبدیلی کا یہ مطلب لیتے ہیں کہ یہ کام دوسرے کریں مگر تبدیلی دراصل اپنی ذات سے شروع ہوتی ہے پی ٹی آئی کی حکومت نے ہر سطح پر بہتری کا عمل شروع کیا ہے جو اگرچہ فی الحال سو فیصد نہیں مگر ہم بتدریج کامیابی سے قدم آگے بڑھا رہے ہیں کرپشن کے خلاف جہاد میں عوام ہمارے ساتھ ہیں تھانے اور پٹوار خانے کا کلچر بد ل رہا ہے تعلیمی اور طبی اداروں میں عملے کی حاضری اور سہولیات کی بہتری سے بھی لوگ مطمئن ہونے لگے ہیں پولیس اور دیگر سرکاری اہلکاروں کا رویہ منفی سے مثبت میں بد ل رہا ہے اور جلد عوام سو فیصد بہتری دیکھیں اور محسوس کریں گے

اُنہوں نے کہا کہ ہمارا اہم ترین ہدف لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو انصاف کی فراہمی،میرٹ و قانون کی بالادستی اور اُنہیں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے بہتر ماحول کی فراہمی ہے ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ صوبے میں امن و آشتی کے علاوہ روزگار اور معاشی آسودگی کے زیادہ سے زیادہ مواقع دستیاب ہوں اسلئے اپنے اخلاص کی بدولت ہمیں ہر محاذ پر کامیابی ضرور ملے گی پرویز خٹک نے سپاسنامہ میں ریسکیو اہلکاروں کی تربیت کیلئے اکیڈمی کے قیام سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اس ضمن میں مناسب اقدامات کئے جائیں گے اُنہوں نے ریسکیو ٹیم میں خواتین کا رکن شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیاتاکہ وہ گھریلو حادثات کی صورت میں مصیبت زدہ خواتین کی بہتر خدمت کر سکیں قبل ازیں وہاں آنے پر ریسکیوجوانوں کے چاق و چوبند دستے نے وزیر اعلیٰ کو سلامی دی جبکہ اس موقع پر متعلقہ حکام نے اُنہیں آتشزدگی ،عمارات گرنے ، طوفان بادو باران ، زلزلے ، ایکسڈنٹ اور دیگر ناگہانی حادثات سے نمٹنے کیلئے آلات اور طور طریقوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :