موبائل فون وائرس سے ہلاکت کی کوئی سائنسی یا تیکنیکی توجیہات اور ثبوت نہیں ہیں۔ یو فون انتظامیہ

جمعہ 13 اپریل 2007 20:01

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین13اپریل2007 ) پورے ملک میں موبائل فون وائرس سے ہلاکتوں کی افواہ کی تردید کرتے ہوئے پاکستان کی دوسری سب سے بڑی سیلولر کمپنی یوفون جو 11 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کررہی ہے نے اس کو ایک بے بنیاد افواہ اور مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی کوئی سائنسی یا تیکنیکی توجیہات اور ثبوت نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

یو فون کے مطابق پوری دنیا میں نہ تو اب تک کوئی ایسا واقعہ پیش آیا ہے اور نہ ہی اس قسم کا کوئی ریکارڈ موجود ہے جس سے ایسے کسی وائرس کا وجود ثابت ہوسکے جو موبائل فون پر کال سننے والے کسی شخص کی جان لے سکتا ہو۔

پریس ریلیز میں اس بات پر حیرانی ظاہر کی گئی ہے کہ کس طرح لوگ بے حقیقت افواہوں پر یقین کررہے ہیں اور اسے میڈیا پر نشر کیا جارہا ہے جس سے معاشرے میں افراتفری اور بے چینی پھیلتی ہے۔ یوفون کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک ذمہ دار کاروباری ادارے کی حیثیت سے ایسی کسی صورت میں جس میں انسانی زندگی کو خطرہ لاحق ہو یوفون عوام کو آگاہ کرنے میں سب سے آگے ہوگا اور اس بات کا انتظار نہیں کیا جائے گا کہ عوام خود اپنے ذرائع سے اس بارے میں معلومات حاصل کریں یا انہیں خطرات لاحق ہوں۔

متعلقہ عنوان :