زلزلہ متاثرین کی بحالی و تعمیر نو کا کام بڑے پیمانے پر شروع کردیا گیا ہے‘ باغ کو جدید شہر بنائیں گے۔ کرنل نسیم۔۔تعمیر نو کے عمل میں اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے‘ تاجروں کو آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے۔گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ تعلیم‘ صحت اور دیگر سرکاری اداروں کی عمارتوں کو بھی تعمیر کیا جائے گا‘ اجتماعات سے خطاب

ہفتہ 14 اپریل 2007 13:41

باغ+ ہاڑی گہل (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین14اپریل2007 ) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ بحالی و تعمیر نو کرنل (ر) راجہ محمد نسیم خان نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو مسلم کانفرنس حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ باغ کو جدید شہر بنائیں گے تعمیر و ترقی کے حوالے سے اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے‘ زلزلہ متاثرہ تاجروں کے مسائل حل کریں گے ان کو آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے اس حوالے سے سٹیٹ بینک کے ساتھ معاملات طے کئے جارہے ہیں‘ تعمیر نو کے عمل کو تیز کردیا گیا ہے‘ متاثرین کی آباد کاری کے ساتھ ساتھ سڑکوں‘ پلوں‘ تعلیمی اداروں اور صحت کے ادارے تعمیر کئے جارہے ہیں‘ تعمیر نو کا کام عالمی معیار کے مطابق ہوگا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘ زلزلے کی وجہ سے جن لوگوں کی زمین نہیں بچی ان کو متبادل جگہ فراہم کررہے ہیں‘ اپوزیشن منفی پروپیگنڈہ کے بجائے تعمیر نو کے عمل میں حکومت کا ساتھ دے‘ بحالی و تعمیر نو میں وقت لگے گا‘ الله کے فضل سے آج تمام تعلیمی اور صحت کے ادارے کام کررہے ہیں‘ 60 فیصد لوگوں نے گھروں کی تعمیر شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہا انہوں نے باغ کے نواحی علاقوں کفل گڑھ‘ ہاڑی گہل‘ کوٹیڑہ مست خان‘ جگلڑی‘ داڑہ کوٹ اور دائرہ موروتی میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دائرہ موروتی اور لون ہوتر تابن گراں میں پختہ سڑکوں کے سنگ بنیاد کے موقع پر وزیر تعمیرات نے کہا کہ ان کی حکومت نے آزاد کشمیر کے ہر گاؤں اور دور دراز علاقوں میں پختہ سڑکیں بنانے کے لئے مربوط اور جامع منصوبہ بندی کرلی ہے سڑکوں کی تعمیر کے بغیر کوئی بھی علاقہ ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ نو ملین کی زائد رقم سے تعمیر ہونے والی یہ سڑکیں مستقبل میں عوام کی مشکلات کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ کفل گڑھ اور داڑہ کوٹ کے مقام پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعمیرات عامہ نے کہا کہ تمام علاقوں میں سڑکیں‘ پانی‘ تعلیمی ادارے‘ بجلی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ہم لوگ عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوئے ہیں اور ان کے تمام مسائل سے بخوبی اگاہ ہیں بغیر کسی مطالبے کے تمام مسائل حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر سے اس علاقے میں پانی کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔ ہسلانی داڑہ کوٹ کے لئے گرلز سکول کی عمارت اور سڑک کو پختہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے تعمیر و ترقی میں خواتین کے کردار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہاڑی گہل مسجد کے مسائل دور کرنے کے لئے وزیر تعمیرات عامہ نے دو لاکھ روپے کا اعلان کیا اس موقع پر کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعمیرات عامہ نے کہا کہ ہمارے قائد اور جواں ہمت وزیراعظم سترہ تاریخ کو باغ کے تاریخی دورے پر تشریف لارہے ہیں تمام لوگ بلا تفریق اپنی تمام مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں ان کا استقبال کرکے ثابت کریں گے کہ ضلع باغ کے عوام کل بھی مسلم کانفرنس کے ساتھ تھے اور آج بھی ہیں۔

کوٹیڑہ میں ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت نے کہا کہ مسلم کانفرنس اپنے تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے گی الیکشنوں میں لوگ صرف ان عوامی قائدین کو ووٹ دیں جو ان کے مسائل حل کرسکے کوٹیڑہ میں گرلز مڈل سکول کی تعمیر کو فیز ون میں رکھنے کا وزیر حکومت نے اعلان کیا۔ باغ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعمیرات عامہ نے کہا کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بحالی و تعمیر نو کا عمل بڑے پیمانے پر شروع کردیا گیا ہے گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ تعلیم‘ صحت اور دیگر اداروں کی عمارتوں کی تعمیر بھی شروع کردی گئی ہے۔

انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں گے تاجروں کو آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے اس حوالے سے سٹیٹ بینک سے معاملات طے کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :