صحت اور تعلیم کے بجٹ کو دوگنا کرنے سے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی اور لوگوں کے معیار زندگی میں اضافہ ہو گا ،احسن اقبال ،ملک میں انسانی وسائل کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے بغیر کوئی بھی ملک استحکام و ترقی حاصل نہیں کر سکتا ،خطاب ،ملک میں وسیع قدرتی وسائل ہیں اور یہ تین بڑے تجارتی خطوں چینی، جنوبی ایشیاء اور مشرق وسطی میں واقع ہے ،وفاقی وزیر

ہفتہ 5 اپریل 2014 20:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم کے بجٹ کو دوگنا کرنے سے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی اور لوگوں کے معیار زندگی میں اضافہ ہو گا ،ملک میں انسانی وسائل کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے بغیر کوئی بھی ملک استحکام و ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ ہفتہ کو پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پی آئی ایم اے) کے زیر انتظام دو روزہ 23ویں ”بائینیول انٹرنیشنل کنونشن“ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک خطہ کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح ایجادات کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ چین، ملائیشیا اور جنوبی کوریا نے دہائیوں پر مشتمل منصوبہ تیار کیا اور اس کو حقیقت میں تبدیل کیا جس سے ان ممالک کی اقتصادی ترقی ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ملک کی 100 سالگرہ پر پاکستان کا شمار دنیا کی 10 بڑی معیشتوں میں ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون کی حکمرانی بنیادی نظریہ ہے جس سے کوئی بھی ملک مستحکم اور ترقی یافتہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ اور فوج کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے اور کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر تصور نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں انسانی وسائل کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے بغیر کوئی بھی ملک استحکام و ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور اگر ان کو مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں غیر جمہوری حکومتوں کے دوران سماجی شعبہ کے فنڈز دفاع پر خرچ کئے جاتے رہے جبکہ دوسری جانب بنیادی ڈھانچہ کی ترقی پر توجہ مرکوز رکھی گئی اور انسانی وسائل کی ترقی کو مکمل طورپر بھلا دیا گیا جس کے نتیجہ میں ملک اپنی استعداد کے مطابق ترقی نہ کر سکا۔ سیاسی و سماجی ترقی کو ملک کی ترقی کی کنجی قرار دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان سیاسی عدم استحکام اور سماجی عدم مساوات سے متاثر ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان برداشت کرنا پڑا تاہم ا نہوں نے کہا کہ اب ملک سماجی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور ملک کی معیشت نے مثبت اشاریے ظاہر کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اچھے اشاریے مل رہے ہیں اور ملک کی ترقی میں بہتری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرح نمو میں اضافہ ملک کی بقاء کیلئے انتہائی ضروری ہے اور اگر ہم نے 7 تا 8 فیصد کی شرح سے ترقی نہ کی تو ہم کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت 5 تا 5.5 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی ہے جو ہماری ضروریات کے مطابق نہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے ملک کو درست راستے پر گامزن کر دیا ہے اور ہمیں مناسب شرح سے ترقی کرنا ہو گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں وسیع قدرتی وسائل ہیں اور یہ تین بڑے تجارتی خطوں چینی، جنوبی ایشیاء اور مشرق وسطی میں واقع ہے اور ہمیں اپنی اس جغرافیائی حیثیت سے استفادہ کر کے ملکی ترقی کو یقینی بنانا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :