دنیا بھر کی طرح پاکستان میں صحت کا عالمی دن (کل) بھر پور طریقے سے منایا جائے گا، تنظیموں کے اشتراک سے خصوصی واکس ، سیمینارز ، کانفرنسز کا اہتمام کیا جائیگا ، 18کروڑ آبادی کے ملک میں 5کروڑ کے قریب لوگ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں ،عالمی ادارہ صحت

اتوار 6 اپریل 2014 15:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں صحت کا عالمی دن (کل) پیر کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا ، عالمی ادارہ صحت ، حکومت پاکستان ، محکمہ صحت پنجاب ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اور دیگر طبی تنظیموں کے اشتراک سے خصوصی واکس ، سیمینارز ، کانفرنسز کا اہتمام کیا جائیگا ذرائع کے مطابق منعقدہ سیمینارز سے خطاب کے دوران مختلف ماہرین طب اپنے تحقیقی مقالے بھی پیش کریں گے جن میں انسانی صحت کی بہتری ، اسے درپیش خطرات اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔

عالمی ادارہ صحت نے حالیہ جاری کر دہ رپورٹ میں پاکستان کے بارے میں انکشاف کیا کہ 18کروڑ آبادی کے ملک میں جہاں 5کروڑ کے قریب لوگ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں سے ہر 1000نوزائیدہ بچوں میں سے 65بچے نوزائیدگی میں ہی موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں اسی طرح 1لاکھ ماؤں میں سے 270مائیں دوران زچگی موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں نیز 1218افراد کیلئے ایک ڈاکٹر ، 17302مریضوں کیلئے ایک ڈینٹل سرجن ، 2452مریضوں کیلئے ایک نرس ، 14500افراد کیلئے ایک سپیشلسٹ ڈاکٹر ،1787خواتین کیلئے ایک گائنا کالوجسٹ کی سہولت دستیاب ہے۔

رپورٹ میں بتا یا گیا کہ پاکستان کی آبادی کے 2فیصد افراد نابینا ہیں جبکہ 47فیصد بچوں کو پولیو ، خسرہ ، تشنج ، ٹی بی ، خناق وغیرہ سمیت 6موذی امراض سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے ہی نہ لگوائے جاتے ہیں ۔اسی طرح ہیپا ٹائٹس کے انتہائی بڑھتے ہوئے مرض کی ویکسینیشن کا کوئی عالمی معیار مقرر نہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں سالانہ 5سال تک کی عمر کے 1لاکھ بچے نمونیہ ، 1لاکھ بچے ڈائیریا اور 85ہزار بچے ویکسینیشن نہ لینے کے سبب ہلاک ہو جاتے ہیں

متعلقہ عنوان :