سرکاری حکام اور عوام مل جل کر پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کریں ،اسدقیصر،حکومت صحت کے انصاف پروگرام کے تحت مذکورہ مہم کو بتدریج صوبہ بھر میں پھیلانے کے لئے کوشاں ہے،سپیکرصوبائی اسمبلی

اتوار 6 اپریل 2014 18:19

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء) سپیکرصوبائی اسمبلی اسد قیصر نے موضع مرغز ضلع صوابی میں اتوارکے روز صحت کا انصاف پروگرام کے تحت بچوں کو پولیو کے قطرے پھلانے کے ضمن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری حکام اور عوام مل جل کر مشترکہ ملی فریضہ سمجھ کر پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کریں ۔ ملک خصوصاً صوبہ میں پولیو مہم کی کامیابی سے بین الاقوامی طور پر ہمارے ملک اور عوام کا امیج بہتر ہوگا ۔

صوبائی حکومت صحت کے انصاف پروگرام کے تحت مذکورہ مہم کو بتدریج صوبہ بھر میں پھیلانے کے لئے کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO)پاکستان کے پولیوچیف الیاس دُرے، ضلع صوابی کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن کامران آفریدی، ڈی پی او سجاد خان اور محکمہ کے دیگر متعلقہ حکام بھی کثیر تعداد میں موجود تھے سپیکر نے بچوں کو اپنے ہاتھ سے قطرے پھلانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے انصاف کے تحت بچوں کو پولیو کے قطرے پھلانے کے باعث نہ صرف پولیو بلکہ نو مہلک قسم کی بیماریوں کا خاتمہ ہوگا انہوں نے ضلع میں پولیو کے خلاف مہم کو کامیابی سے چلانے کے ضمن میں ضلعی انتظامیہ سمیت ضلعی پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے قابل ستائش قرار دیا جن کی ذاتی دلچسپی اور پیشہ ورانہ مہارت کے تحت مذکورہ مہم کو عوامی پذیرائی مل رہی ہے اور عوام بھی ضلع انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے انہوں نے کہا کہ پولیو کی مہم کی کامیابی سے ایک جانب ہماری آئندہ نسل مہلک بیماریوں سے محفوظ رہ کر ملک کی ترقی میں صحت مند انداز سے اپنا کردار ادا کرے گی جبکہ دوسری جانب بین الاقوامی طور پر ہمارا امیج بہتر ہونے میں مدد ملے گی ہمارے ملک میں جب کبھی پولیو یا کسی بھی دیگر مہک بیماری میں مبتلا مریضوں کی نشان دہی ہوتی ہے تو غیر ملکی میڈیا پر اس کی بہت زیادہ تشہیر کی جاتی ہے جس کے باعث ترقی یافتہ ممالک کے عوام کے اذہان میں ہمارے متعلق رائے کی تبدیلی کا ٰخدشہ رہتا ہے سپیکر نے عوام سے اپیل کی کہ چونکہ یہ ایک قومی فریضہ ہے لہٰذا سرکاری حکام کے ساتھ عوام بھرپور تعاون کرتے ہوئے اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کریں تاکہ ہماری بھی دنیا میں ایک باوقار اور باشعور قوم کی حیثیت سے پہچان ہوسکے انہوں نے کہا کہ صحت کے انصاف کے تحت مذکورہ مہم بتدریج صوبہ بھر میں پھیلائی جائیگی تاکہ صوبہ بھر سے ان بیماریوں کا قلع قمع کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ یہ امر انہتائی خوش آئند ہے کہ موضع پابینی جیسے علاقہ میں ، جہاں پر پولیو ورکروں پر حملوں کے باعث شدید خوف وحراس پایا جاتا تھا ، وہاں پر بھی پولیو کے مہم کی کامیابی سے ثابت ہوگیا کہ عوام میں مثبت شعور اجاگر ہورہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :