مشیر صحت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس،ٹاؤن رسپانس کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال کرنے کا فیصلہ ،ابھی تک صوبہ میں ڈینگی کے 2 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں ،رواں سال زیادہ بارشوں کا امکان ہے ،تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہیں،لاہور ، راولپنڈی، فیصل آباد کے علاوہ دیگر شہروں پربھی رواں سال فوکس کرنا ہو گا،سرویلنس کا کام شروع کر دیا گیا ہے ‘ مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق

پیر 7 اپریل 2014 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے رواں سال زیادہ بارشوں کے امکانات کے پیش نظر محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے مزید محنت اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ کام کریں تا کہ ڈینگی کی افزائش کو روکا جا سکے ۔ انہوں نے یہ بات سوموار کے روز 90 شاہرا ہ قائد اعظم پر کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ سیکرٹری صحت ڈاکٹر اعجاز منیر، سپیشل سیکرٹری صحت فراست اقبال، ڈی سی او لاہور ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل ، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و ثقافت فضل عباس، کوآپریٹو، ہائرایجوکیشن ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران اور راولپنڈی، شیخوپورہ کی ضلعی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور سمیت دیگر حساس شہروں میں ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں پہلے ہی شروع ہو چکی ہیں اور متعلقہ اداروں کے پاس ڈینگی سپرے اور لاروی سائیڈنگ میں استعمال ہونے والی ادویات ڈیلٹا میتھرین ، ٹامی فاس اوردیگر کیمیکل دستیاب ہیں۔ سیکرٹری صحت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک پنجاب میں ڈینگی کے صرف 2 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن کا تعلق ڈسکہ سیالکوٹ اور ملتان سے ہے ۔

چیف اینٹامالوجسٹ پروفیسر وسیم اکرم نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سٹاف کی ٹریننگ جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ بارشوں کے پیش نظر ڈینگی کنٹرول کیلئے رواں سال ان شہرو ں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے جہاں سے گزشتہ سال ایک یا دو مریض رپورٹ ہوئے تھے۔خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ڈینگی کا سیزن شروع ہونے کے پیش نظر ٹاؤن رسپانس کمیٹیوں کے اجلاس ہفتہ وار شروع کردیئے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ اطلاعات و ثقافت کے تعاون سے محکمہ صحت بھرپور آگاہی مہم چلانے کے لئے پبلسٹی پلان پر عملدرآمد شروع کر دے۔ خواجہ سلمان رفیق نے واضح کیا کہ ڈینگی ریگولیشنز پر عمل نہ کرنے والے کارخانوں، فیکٹریوں ، گوداموں اور کباڑ خانوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے جہاں سے ڈینگی لاروا برآمد ہو اس فیکٹری یا گودام کو سیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایک سوشل پرابلم بن چکا ہے جسے ختم کرنے کے لئے اجتماعی کوششیں کرنا ہو ں گی۔

متعلقہ عنوان :