برٹش ایئر ویز کے پائلٹ کا نیند پوری نہ ہونے کے باعث جہاز اڑانے سے انکار ، مسافروں کو 12گھنٹے انتظار کرنا پڑا

اتوار 15 اپریل 2007 17:35

نئی دہلی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین15اپریل2007 ) برٹش ایئر ویز کے ایک پائلٹ نے نیند پوری نہ ہونے پر جہاز اڑانے سے انکار کر دیا، مسافروں کو 12گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔ ایک بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز نئی دہلی سے لندن جانے والی برٹش ایئر ویزکی پرواز 134 وقت پر پرواز نہ کر سکی کیونکہ پائلٹ نے نیند پوری نہ ہونے پر جہاز اڑانے سے انکار کر دیا جس کی وجہ سے جہاز میں سوار 225 مسافروں کو نیچے اتار لیا گیا اور 12 گھنٹے کے بعد پائلٹ طیارے کو لے کر لندن روانہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

نئی دہلی ایئرپورٹ کے ذرائع کے مطابق برٹش ایئر ویز کی پرواز 134 کے پائلٹ کیپٹن ویلیم نے عین اس وقت جہاز اڑانے سے انکار کر دیا جبکہ طیارے کے اندر 225مسافر سوار ہو چکے تھے۔ کیپٹن ویلیم کے مطابق وہ صحیح طرح سے سو نہیں سکے ہیں جس کے باعث وہ جہاز اڑانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں ۔ برٹش ایئر ویز کے پاس متبادل پائلٹ نہ ہونے کی وجہ سے 225 مسافروں کو طیارے سے اتار لیا گیا اور ان کو 12گھنٹے کے بعد لندن روانہ کیا گیا۔ برٹش ایئر ویز کی پرواز134 کو اتوار کی صبح 2:30 منٹ پر نئی دہلی سے لندن روانہ ہونا تھا جبکہ وہ 12گھنٹے کی تاخیر کے بعد دوپہر 2:30 بجے روانہ ہوئی۔