صحت مند بلوچستان ہی ہمارے مستقبل کی ضمانت ہے ،میر رحمت صالح بلوچ ،چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لئے بیماریوں سے پاک بلوچستان کے حصول کے لئے توانائیاں صرف کرنا ہوں گی ،تقریب سے خطاب

ہفتہ 12 اپریل 2014 22:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ صحت مند بلوچستان ہی ہمارے مستقبل کی ضمانت ہے کیونکہ جدید دنیا کے چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لئے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو بیماریوں سے پاک بلوچستان کے حصول کے لئے اپنی توانائیاں صرف کرنا ہوں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوسرے سالانہ ہیلتھ ورکرز ویک 2014ء کے موقع پر لیڈی ہیلتھ ورکروں اور کمیونٹی مڈوائف کو ایوارڈا دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق، صوبائی سیکریٹری صحت عبدالصبور کاکڑ، صوبائی کوآرڈینیٹر ایل ایچ وی ڈاکٹر نورقاضی، صوبائی کوآرڈینیٹر سی ایم ڈبلیو ڈاکٹر تاج رئیسانی، ڈی جی ہیلتھ عیسیٰ خان جوگیزئی، ڈاکٹر ارشاد دانش، سردار افتخار احمد درانی، سیودی چلڈرن کے توثیق حیدر کے علاوہ این جی اوز کے نمائندوں اور صوبہ کے مختلف ضلعوں سے آئی ہوئیں لیڈی ہیلتھ ورکرز اور مڈوائف بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی شعبہء صحت سے وابستگی اور صحت کے حوالے سے بلوچستان میں پائی جانے والی کمزوریوں کو دور کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات کی وجہ سے شعبہء صحت میں وسیع پیمانے پر مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں جس میں تین میڈیکل کالجوں کے قیام پر کام شروع ہوچکا ہے جبکہ تین ڈویژنوں میں نرسنگ کالج، بولان میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیئے جانے کے علاوہ کوئٹہ میں ایک ڈینٹل کالج بنایا جانا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اور کمیونٹی وائفز نے صوبہ کے بعض علاقوں میں نامساعد حالات کے باوجود بیماریوں کی روک تھام میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کو پولیو سے پاک صوبہ قرار دیا جائے انہی ہیلتھ ورکرز کی محنت کا ثمر ہے کہ پوری دنیا میں ہم پولیو کے حوالے سے اپنا سر فخر سے اونچا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ہیلتھ ورکروں کی اس محنت اور جانفشانی اور شعبہ صحت میں ان کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے 7267لیڈی ہیلتھ ورکرز کو محکمہ صحت میں مستقل کرنے کا اعلان بھی کیا جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز راحت نور اور حنفیہ کو بہترین کارکردگی پر 25 ، 25ہزار روپے کے نقد انعامات بھی دیئے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے جلد ہی "صحت مندبلوچستان" کے نام سے ایک پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے پہلے مرحلے میں ہزار دن صرف عوامی شعورو بیداری کے لئے مختص کئے جائیں گے جبکہ بولان میڈیکل کالج ہسپتال میں پانچ سوسے چھ سو تک کے دل کے مریضوں کو آپریشن کے علاوہ دیگر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تقریب سے دیگر مقررین نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کے کام کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز ہمارے معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جن کی محنت اور کاوشوں کی بدولت ہمارے دوردراز علاقوں میں عورتوں اور بچوں کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر آئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :