وزیر اعلیٰ پنجاب تعلیمی شعبے کے استحکام کے لیے انقلابی اصلاحات پر عمل پیرا ہیں ،علم کے حصول کی ترغیب کی راہیں کھلی ہیں‘ چوہدری محمد سرور ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے 50 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں تاکہ تعلیم کیساتھ بچوں کی صحت کو بھی برقرار رکھا جا سکے‘ گورنر پنجاب ،انقلابی اقدامات کی بدولت تعلیمی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے ، 2016 ء تک صوبے کا کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں ہوگا‘ وزیر تعلیم رانا مشہود احمد

جمعہ 18 اپریل 2014 19:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے50 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں تاکہ تعلیم کے ساتھ بچوں کی صحت کو بھی برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات دین کالج برائے خواتین چنیوٹ میں تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں، ایم این اے قیصر اے شیخ، ارکان صوبائی اسمبلی مولانا محمد الیاس چنیوٹی، مولانا رحمت اللہ، حاجی خالد سعید اور حاجی الیاس انصاری کے علاوہ ممتاز صنعتکار ایس ایم منیر، سردار یٰسین ملک، ستارہ امتیاز،ایس ایم تنویر، ایس ایم نصیر، چوہدری مسعود اقبال، طارق شفیع، میاں سلیم عمر اور دیگر صنعتکاروں کے علاوہ پرنسپل مسز زبیدہ رئیس بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے دین کالج برائے خواتین کی عمدہ کارکردگی اور طالبات کے اعلیٰ نتائج پر انتظامیہ، تدریسی سٹاف اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طالبات تعلیمی میدان میں طلبا پر سبقت لے رہی ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند امر ہے کیونکہ جس قوم کی بیٹیاں معیاری تعلیم سے آراستہ ہوں گی اسے ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ وسائل کو دانشمندی سے بروئے کار لاتے ہوئے قوم کی صحیح سمت رہنمائی کی جائے اور نوجوانوں کو علم و ہنر اور سماجی و معاشی ترقی میں بھر پور مواقع فراہم کئے جائیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب تعلیمی شعبے کے استحکام کے لیے انقلابی اصلاحات پر عمل پیرا ہیں جس سے علم کے حصول کی ترغیب کی راہیں کھلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر بچے تک پہچائیں گے۔ اس سلسلے میں مخیر صنعتکاروں کی فیاضانہ معاونت بھی بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ اس موقع پر ایس ایم منیر، انور ٹاٹا، سردار یٰسین ملک، میاں سلیم عمر اور دیگر صنعتکاروں کی طرف سے چنیوٹ کے مختلف سکولوں میں15 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے لیے عطیات کی فراہمی کا اعلان کیا گیا۔

صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انقلابی اقدامات کی بدولت تعلیمی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور 2016 ء تک صوبے کا کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایسی ٹھوس پالیسیوں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جس سے اداروں کا تقدس بحال، میرٹ کی بالا دستی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی ہوئی اور پاکستان پر اقوام عالم کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روشن اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کریں گے اس سلسلے میں لڑکیوں کی تعلیم اور انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد اور کالج کی عمدہ کارکردگی کو سراہا۔ تقریب سے ایم این اے قیصر اے شیخ، ممتاز صنعتکار و چیئرمین کالج پراجیکٹ ایس ایم منیر، سردار یٰسین ملک اور میاں سلیم عمر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی تعلیمی پالیسی، یوتھ فیسٹیول کے انعقاد اور معاشی ترقی کے لیے نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی سمیت دیگر ترقیاتی و فلاحی اقدامات کوسہراہا۔

پرنسپل زبیدہ رئیس نے سپاسنامہ کے دوران کالج کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں امتیازی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ بعدازاں ،گورنر پنجاب نے مختلف کلاسز اور کھیلوں میں پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات میں لیپ ٹاپس ،شیلڈزاوردیگر انعامات تقسیم کئے۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کالج میں کمپیوٹر لیب اور نوتعمیر شدہ بیگم خدیجہ یوسف بلاک کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سکولوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے چنیوٹ ایجوکیشنل شکالرشپ اور کلین واٹر ٹرسٹ کے مابین معاہدہ پر بھی دستخط کئے۔