قلیل عرصہ میں شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں،شوکت یوسفزئی،خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور جیسے اہم ادارے کے ثمرات سے صوبے کے غریب عوام مستفید ہو رہے ہیں،صوبے میں میڈیکل ریسرچ کی بہت ضرورت ہے جسے سابقہ حکومتوں میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے اس اہم ادارے کو یکسر نظر اندازکیا گیا،صوبائی وزیرصنعت کامیڈیکل کالج میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 19 اپریل 2014 21:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صنعت و حرفت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے قلیل عرصہ میں شعبہ صحت میں جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں ان کی نظیر صوبے کی تاریخ میں نہیں ملتی۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور جیسے اہم ادارے کے ثمرات سے صوبے کے غریب عوام مستفید ہو رہے ہیں اور عرصہ درازسے ایجوکیشن اور ریسرچ کے میدان میں بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر میڈیکل کالج پشاور(کے ایم سی) میں منعقدہ عالمی کانفرنس” میڈیکل ایجوکیشن اور ریسرچ“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کے ایم سی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ اور ادارے کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں جس کے قیام سے نہ صرف میڈیکل کالجوں کے انتظامی امور بلکہ طلبہ کو حصول تعلیم میں آسانیاں بھی میسر آئی ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ کہ اس صوبے میں میڈیکل ریسرچ کی بہت ضرورت ہے جسے سابقہ حکومتوں میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے اس اہم ادارے کو یکسر نظر اندازکیا گیالیکن اب موجودہ حکومت اس پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں ایشیاء کا پہلا انسولین بینک قائم کرکے تاریخ رقم کر دی۔انہوں نے مزید کہا کہ انسولین بینک کے قیام سے شوگر کے مریض مکمل استفادہ حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب مریضوں کیلئے ہسپتالوں میں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی سہولت بلا معاوضہ فراہم کر رہی ہے۔اسی طرح اس سال مئی میں اس صوبے کا پہلابرن سنٹر بھی مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کو خود مختاراور بااختیار بنا دیا ہے۔شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ صوبے میں بند صنعتوں کی نہ صرف بحالی اولین ترجیح ہے بلکہ بند صنعتوں کو فعال کرکے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے قابل بنائیں گے۔قبل ازیں وزیر صنعت شوکت یوسفزئی نے شعبہ طب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے پروفیسرز اور ڈاکٹرز میں اسناد بھی تقسیم کئے۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ نے وزیر صنعت کو سوینر بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :