تنخواہ یافتہ طبقہ کو شریعت کے مطابق ہنڈا موٹربائیک کی خریداری کیلئے سرمائے کی فراہمی کے معاہد ہ پردستخط

پیر 21 اپریل 2014 16:58

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21اپریل 2014ء)عسکری بینک لمیٹڈاوراٹلس ہنڈا لمیٹڈکے درمیان تنخواہ یافتہ طبقہ کو شریعت کے مطابق اجارہ کے تحت ہنڈا موٹربائیک کی خریداری کیلئے سرمائے کی فراہمی کے معاہد ہ پردستخط ہوگئے ہیں۔ اس معاہدہ سے ملک میں پہلی بار موٹربائیک لیزنگ کا آغاز ہوگا اس سلسلے میں اٹلس ہنڈا کے صدر دفترکراچی میں گزشتہ روزمعاہدہ پر دستخط ہوئے۔

اس تقریب میں عسکری بینک کے صدر سید مجید اللہ حسینی ‘عسکری اسلامک کے فہد سردار خان‘ہیڈ آف کریڈٹ‘عمران عمر اعوان‘ شیخ سلمان طاہر‘ سلمان فرخ‘ اٹلس ہنڈا کے چیف ایگزیکٹیوثاقب ایچ شیرازی ‘اٹلس ہنڈاکارکے چیف ایگزیکٹیو آفیسر تکاہارواوکی‘ہنڈا اٹلس پاورکے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہساؤ کوبایاشی‘ڈائریکٹر بزنس پلاننگ کازوہیساہیروٹا نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بینک کے چیف ایگزیکٹیو وصدر سید مجید اللہ حسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں پہلی بار تنخواہ یافتہ طبقہ کو موٹربائیک کی فراہمی کیلئے اٹلس ہنڈا سے اشتراک کررہے ہیں اور اس اشتراک عمل سے اٹلس ہنڈا اپنی معیاری خدمات اور مصنوعات میں اضافہ کرے گی جبکہ اٹلس ہنڈا کے سی ای او ثاقب ایچ شیرازی نے کہا کہ معاہدہ سے عسکری بینک اوراٹلس ہنڈا کے درمیان لوگوں کی سہولت کیلئے اشتراک عمل کے جذبہ کا اظہار ہوتا ہے اور اس سے تنخواہ یافتہ طبقہ اورصنعت دونوں کا فائدہ ہوگا۔