موسمِ گرماکے بد اثرات سے بچنے کیلئے لیموں کی سکنجبین اور دودھ کی لسی بہترین مشروب ہیں ‘ حکماء کا مشورہ

منگل 29 اپریل 2014 13:58

موسمِ گرماکے بد اثرات سے بچنے کیلئے لیموں کی سکنجبین اور دودھ کی لسی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29اپریل 2014ء) )بدلتے موسم کے لحاظ سے آنے والے سخت گرم موسم کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں ابتدا میں ہی مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے، موسم گرماکے بُرے اثرات سے بچنے اور پیاس بجھانے کے لیے روائتی مشروبات مثلا لیموں کی سکنجبین، دودھ کی لسی، ستو ، لسی ، شربت صندل ، بزوری اور سردائی وغیرہ استعمال کرنا مفید ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہاربدلتے موسم کی احتیاطی تدابیر کے موضوع پر منعقدہ مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر حکیم محمداعجاز فاروقی ،حکیم محمد جاوید رسول ، حکیم محمد احمدسلیمی ، حکیم محمد افضل میو ، حکیم احمد حسن نوری نے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حکماء نے کہا کہ موسم گرما کے مسائل سے بچنے کے لیے روائتی مشروبات کے ساتھ ساتھ تازہ اور قدرتی غذاؤں کو استعمال کرنا چاہیے ۔

کھیرا ، خربوزہ اور تربوز وغیرہ کھانے میں احتیاط سے کام لیں اور ان پھلوں کے کھانے کے دوران پانی نہ پیا جائے ۔حکماء نے مزید کہا کہ موسم کے بد اثرات میں لو لگنا ، پسینے کی کثرت ، ہیضہ ، اسہال ، بخار ،تھکاوٹ اور کمزوری وغیرہ شامل ہیں ۔ کھانا جب بھی کھائیں گرم کرکے کھائیں اور گلے، سڑے اور بازاری کھانوں سے اجتناب کیا جائے ۔