امریکامیں مرس وائرس سے متاثرہ پہلے کیس کی تصدیق

ہفتہ 3 مئی 2014 14:42

امریکامیں مرس وائرس سے متاثرہ پہلے کیس کی تصدیق

واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں مشرق وسطی میں دو سال قبل پھیلنے والے مہلک وائرس مڈل ایسٹ ریسپائیریٹری سینڈروم (مرس)کے ایک مریض میں پائے جانے کی تصدیق کردی گئی اور امریکا میں یہ مرس کا یہ پہلا کیس ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کے مراکز برائے انسداد امراض (سی ڈی سی)نے بتایا کہ ریاست انڈیانا سے تعلق رکھنے والا ایک شخص مرس وائرس سے متاثر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اب سی ڈی سی اور محکمہ صحت کے حکام اس کی مزید تحقیقات کررہے ہیں،وفاقی صحت حکام نے بتایاکہ مرس سے متاثرہ شخص ایک ہیلتھ ورکر ہے اور وہ حال ہی میں سعودی عرب سے امریکا لوٹا ہے اس وقت وہ انڈیانا کے ایک اسپتال میں زیرعلاج ہے،اسے الگ تھلگ رکھا گیا ہے اور آکسیجن دی جارہی ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔امریکی حکام نے اس مریض کا نام ،عمر اور حقیقی پیشہ نہیں بتایا ہے،مراکز برائے انسداد امراض میں سانس کی بیماریوں کی ڈائریکٹر ڈاکٹر این شوشت کا کہنا تھا کہ امریکا میں مرس وائرس کا یہ واحد کیس بہت کم خطرے کا عکاس ہے اور سی ڈی سی ایسی کوئی سفارش نہیں کررہا ہے کہ مشرق وسطی جانے والے حضرات اپنے سفری پلان میں کوئی تبدیلی کرلیں۔