عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان پر پولیو ویکسین کی آڑ میں سفری پابندیوں کا اعلان افسوسناک ہے ، حافظ طاہر محمود اشرفی ،پاکستانی شہریوں کیلئے غیر ملکی سفر کیلئے پولیو ویکسین کا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینا بلاجواز ہے ، میڈیا سے گفتگو ، پاکستان علماء کونسل تمام مکاتب فکر کے لوگوں کا اجلاس بلائیگی ، ٹھوس لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا ، چیئر مین پاکستان علماء کونسل

منگل 6 مئی 2014 19:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مئی۔2014ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان پر پولیو ویکسین کی آڑ میں سفری پابندیوں کا اعلان افسوسناک ہے، پاکستان ہر لحاظ سے شہریوں کی صحت و بہبود کیلئے اقدامات کو یقینی بنا رہا ہے ،پولیو کے خاتمہ کیلئے حکومت کی کوششیں قابل ستائش ہیں پاکستانی شہریوں کیلئے غیر ملکی سفر کیلئے پولیو ویکسین کا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینا بلاجواز ہے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے خواہ مخواہ مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں، پاکستان ذمہ دار ملک ہے جو بیرون ملک شہریوں کے سفر سے متعلق تمام ضروری ضوابط پورے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت پاکستان پر عائد پابندی واپس لے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل تمام مکاتب فکر کے لوگوں کا اجلاس بلائیگی اور اس حوالہ سے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا تاکہ آئندہ کسی کو پاکستان پر پابندیاں لگانے کی جرأت نہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ موٴثر کوششوں کے ذریعے سفری پابندیوں کو تین ماہ میں ختم کرایا جا سکتا ہے جس کیلئے ہم حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ پاکستان علماء کونسل قومی وحدت پر یقین رکھتی ہے اور پورے ملک کے اندر بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے منفی کردار پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات سے ملک کی خدمت نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال گزر جانے کے بعد اب دھاندلی کا خیال کیوں آیا۔ عمران خان نے کے پی کے میں اپنی حکومت قائم کی اور انہیں اسی وقت مستعفی ہو جانا چاہئے تھا‘ اس وقت تمام جماعتیں مل بیٹھ کر وطن عزیز کو مشکلات سے باہر نکالنے پر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :