ملک میں پولیو کی صورتحال اور سفری ایڈائزری کے حوالہ سے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے ، دو ہفتوں میں پلان تیار کیا جائیگا ، سائرہ افضل تارڑ ،وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں یکساں کارڈ جاری کریں گی جس پر سیریل نمبر درج ہو گا ، حکومت پولیو پر قابو پانے کے لیے اپنے پروگرام کو مزید بہتر بنائے گی ،عوام سے کارڈز کے عوض پیسے مانگنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 7 مئی 2014 21:48

ملک میں پولیو کی صورتحال اور سفری ایڈائزری کے حوالہ سے لائحہ عمل تیار ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مئی۔2014ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں پولیو کی صورتحال اور سفری ایڈائزری کے حوالہ سے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے ، دو ہفتوں پلان تیار کیا جائیگا ، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں یکساں کارڈ جاری کریں گی جس پر سیریل نمبر درج ہو گا وہ بدھ کو یہاں وزارت صحت میں پاکستان سے باہر جانے والوں پر پولیو کے قطرے پینے یاویکسین لگوانے کی پا بندی کے حوالہ سے صوبوں کے ساتھ ہنگامی مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص ایمرجنسی میں ملک سے باہر جانا چاہے تو اس کو اےئرپورٹ پر ہی یہ کارڈ فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اےئرپورٹس سے یومیہ تقریباً 27 ہزار افراد بیرونی ممالک میں جاتے ہیں جس کو صوبائی حکومتیں یکساں سکیم کے تحت ویکسینیشن کے حوالے سے کارڈ جاری کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ یہ معاملہ سنجیدگی سے اٹھایا ہے کہ ہم پولیو پر قابو پانے کے لیے بڑی محنت اور سرگرمی سے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت پرواضح کر دیا گیا ہے کہ پنجاب اور بلوچستان میں پولیو کا کوئی کیس رونما نہیں ہوا۔ جبکہ فاٹا میں پولیو کیس سامنے آئے ہیں اور فاٹا کی صورتحال سب پر واضح ہے انہوں نے کہا کہ صوبے پولیو کی ویکسینیشن کے لیے سنٹرز قائم کریں گے اور کارڈ کا اجراء کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو پر قابو پانے کے لیے اپنے پروگرام کو مزید بہتر بنائے گی اور ویکسین کی کوالٹی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے کہا کہ کہ ملک بھر میں متعدی امراض سمیت پولیو کے خاتمہ میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے جو کہ میڈیا کی سماجی ذمہ داری بھی ہے۔ میڈیا کو چاہیے کہ عوام کو بھر پور آگاہی دی جائے ۔ بعد ازاں ایک سوال کے جواب میں سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ آج کے اجلاس میں دفتر خارجہ کے حکام کو انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے تاکہ بیرو نی ممالک میں تعینات پاکستان کے سفیر اور جنیوا میں نمائندے وغیر ہ پولیو کے حوالہ سے پاکستان کے موقف کو اجاگر کریں اور لابی کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ہر ملک اپنے حق میں یا خلاف ہونے والی صورتحال کے حوالہ سے لابی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخواہ نے پولیٹیکل ایجنٹوں ، قبائلی زعماء اور علماء کو پولیو کے خاتمہ کے حوالے سے ٹاسک دیا ہے اور ہم پولیو پر قابو پانے کے لیے ایڈوائزری کونسل بنا رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ 4 ہفتے سے زیادہ دنوں کے لیے پاکستان آنے اور بیرونی ممالک میں جانے والے پاکستانی مسافروں کے لیے سول ایوی ایش اتھارٹی کاؤنٹرز دے گی اور آج کے اجلاس میں سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ہے۔

میڈیا کو پریس بریفنگ کے موقع پر پنجاب کے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلیمان رفیق ،کے پی کے اور دیگر صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔ سائرہ افضل تارڑ نے میڈیا سے کہا کہ وہ عوام کو بتائیں کہ پولیو کی ویکسینیشن کے کارڈ بالکل مفت فراہم کیے جائیں گے۔ اور عوام سے کارڈز کے عوض پیسے مانگنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :