پولیو وائرس کو روکنے کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے ابتدائی اقدامات سے ڈبلیو ایچ او انتہائی مطمئن ہے ،ڈاکٹر ایلیس

جمعہ 9 مئی 2014 17:23

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9مئی 2014ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پولیو وائرس کے خاتمے لیے قائم شعبے کے سربراہ ڈاکٹر ایلیس ڈیوری نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کو اپنی سرحد کے باہر جانے سے روکنے کے سلسلے میں حکومت پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے ابتدائی اقدامات سے ڈبلیو ایچ او انتہائی مطمئن ہے۔ ایک انٹرویو میں ڈاکٹر ایلیس ڈیوری نے کہا کہ وہ اس بات سے باخبر ہیں کہ پاکستان نے پولیو وائرس کی برآمد کو روکنے کے لیے بہت سے اقدامات اْٹھائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فی الوقت یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ پندرہ دنوں کی رعایتی مدت کیلئے پاکستان کی درخواست کی ہم منظوری دیں گے تاہم مجھے یقین ہے کہ پندرہ دنوں کا وقت اتنا طویل عرصہ نہیں تاہم پاکستان کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے کہ بین الاقوامی برادری پولیو وائرس سے متاثر نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نیما سعید عابد نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ”میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ پولیو ویکسی نیشن کا سلسلہ اب وفاقی دارالحکومت میں پولی کلینک کے اندر جاری ہے یہ ایک مثبت اقدام ہے۔

ڈاکٹر نیما سعید نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او پاکستان کو اس سلسلے میں سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے اور دنیا بھر کو پولیو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے ڈبلیو ایچ او نے جو سفارشات پیش کی تھیں، پاکستان ان کے نفاذ کے سلسلے میں جو بھی اقدامات اْٹھائے گا، ڈبلیو ایچ او ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :